نئی دہلی،2؍اپریل (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )ویسے بی سی سی آئی کے لیے انڈین پریمیئر لیگ ایک اہم ٹورنامنٹ ہے، کیونکہ اس سے اس کو اچھی خاصی آمدنی ہوتی ہے، لیکن اس بار کئی زخمی کھلاڑیوں کی وجہ سے اس کی چمک پھیکی پڑتی نظر آرہی ہے،پھر بھی بورڈ ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی جیسے اسٹار کھلاڑیوں کو لے کر کوئی رسک نہیں لینا چاہتا ہے اور ان کو بالکل فٹ ہونے پر ہی کھیلنے کے لیے کہے گا۔ایسا جون میں ہونی والی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کو دیکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے، کیونکہ یہ ٹورنامنٹ ورلڈ کپ کے برابر ہی سمجھا جاتا ہے۔اگر ٹیم انڈیا کے اہم کھلاڑیوں کی چوٹ آئی پی ایل کے دوران گہری ہو جاتی ہے، تو ٹیم کے لیے مشکل کھڑی ہو سکتی ہے اور خطاب جیتنے کی اس کی دعویداری کمزور پڑ جائے گی۔غور طلب ہے کہ ٹیم انڈیا نے ایم ایس دھونی کی کپتانی میں 2013میں یہ ٹرافی جیتی تھی،اس کے بعد سے یہ ٹورنامنٹ نہیں ہوا ہے۔بورڈ نے وراٹ کوہلی کو فی الحال آئی پی ایل- 10سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔بورڈ کے مطابق ،ان کی دستیابی کے بارے میں اس ماہ کے دوسرے ہفتے میں ہی پتہ چلا پائے گا، کیونکہ وہ اپنے زخمی کندھے کے رہیبلیٹیشن سے گزر رہے ہیں۔وراٹ کے علاوہ تیز گیندباز امیش یادو کو بھی آرام کا مشورہ دیا گیا ہے،امیش ان دنوں فارم میں چل رہے ہیں اور انگلینڈ کی سوئنگ گیندبازی کے سازگار حالات میں ان کا کردار اہم ہوگا۔