ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / چھاپہ مار کاروائی پر احمد پٹیل کا حکومت پرسخت نشانہ؛ کہا، تین دن کے لیے ایجنسی میرے حوالے کرکے دکھائے، اصلی چورکون ہےبتادیا جائےگا

چھاپہ مار کاروائی پر احمد پٹیل کا حکومت پرسخت نشانہ؛ کہا، تین دن کے لیے ایجنسی میرے حوالے کرکے دکھائے، اصلی چورکون ہےبتادیا جائےگا

Tue, 09 Apr 2019 21:06:43  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:9 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)  کانگریس کے سینئر لیڈر احمد پٹیل نے پارٹی کے ایک ملازم کے یہاں محکمہ انکم ٹیکس کی چھاپہ ماری کاروائی پر سخت اعتراض جتاتے ہوئے اسے  مخالفین کی  الیکشن لڑنے سے روکنے کی سازش قرار دیا اور کہا کہ وہ چھاپے ماری سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

احمد پٹیل نے کہا کہ کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے  بی جے پی والے گھبرا گئے ہیں۔ ان کی کوشش ایسی صورت حال پیدا کرنے کی ہے کہ ان کے مخالف الیکشن نہ لڑ سکیں۔ یہ سازش ہے۔ انہوں نے کہا  کہ بی جےپی کا خیال ہے کہ پیسے سے الیکشن لڑاجاتاہے، حالانکہ انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ انتخابات میں  عوام فیصلہ کرتی ہے۔اگربی جے پی کے لوگوں کولگتاہے کہ پیسے سے الیکشن جیت جائیں گے تو انہیں اس انتخاب میں پتہ چل جائے گا۔

احمدپٹیل نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی  سرکاری   ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے ۔ مخالف رہنماؤں کے فون ٹیپ کئے جارہے  ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ  بی جے پی کے رہنماؤں کے فون ٹیپ کیوں نہیں کرائے جارہے ہیں ؟  انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایجنسیوں کو  تین دن کے لیے  میرے حوالے کرکے دکھاو، میں ثابت کر دوں گا کہ کون سب سے بڑا چورہے۔

 ملازم کے گھر جانے سے منسلک سوال پر انہوں نے بتایا    کہ اگر میرے یہاں کا کوئی ملازم سارا دن دفتر نہیں آتا اور اس کے گھرکے لوگ کہہ رہے ہیں کہ وہ گھر پر نہیں ہے تو میرا فرض بنتا ہے کہ میں پتہ کروں کہ وہ کہاں ہے ؟  اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ ہمارا کوئی شریک  مشکل  میں ہے  اور ایسے میں مجھے  اس کے یہاں نہیں جانا چاہئے  تو میں کہنا چاہتا ہوں کہ ہم بار بار جائیں گے۔

احمدپٹیل نے کہا  کہ ہم نے کوئی چوری نہیں کی ہے۔ انہوں نے ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ اس بات کا پتہ لگائیں کہ بی جے پی والوں کے پاس اتنے پیسے کہاں سے آئے ؟

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ مجھے سمن کریں، پوچھ تاچھ  کریں، میں ڈرنے والانہیں ہوں۔ ڈرتا وہ ہے جس نے چوری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے ہم نے الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے۔ 


Share: