ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ڈیجیٹل ادائیگی:کرسمس کی سوغات، لکی صارف اور ڈی جی د ھن کاروبار اسکیم کی شروعات

ڈیجیٹل ادائیگی:کرسمس کی سوغات، لکی صارف اور ڈی جی د ھن کاروبار اسکیم کی شروعات

Sun, 25 Dec 2016 21:48:25  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 25/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)25 /دسمبر کو کرسمس کی سوغات کے طور پر وزیر اعظم نریندر مودی نے صارفین اور چھوٹے تاجروں کے لیے دو منصوبوں کا اعلان کیا ہے، اس کے تحت پندرہ ہزار لوگوں کو ڈرا نظام کے ذریعہ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔من کی بات پروگرام میں پی ایم مودی نے کہا کہ ’ڈی جی دھن کاروبار اسکیم‘میں تاجر جڑیں اور اپنا کاروبار بھی کیش لیس بنانے کے لیے صارفین کو بھی جوڑیں، تاجروں کا اپنا کاروبار بھی چلے گا اور اوپر سے انعام جیتنے کا موقع بھی ملے گا۔یہ اسکیم معاشرے کے تمام طبقات، خاص طورپر غریب اورلور مڈل کلاس کے لیے بنائی گئی ہے۔مرکزی حکومت ملک کے 100شہروں میں اگلے 100دنوں کے لیے لکی صارفین اسکیم اور ڈی جی دھن کاروبار اسکیم کے تحت ایوارڈ کی شروعات کرے گی۔نیتی آیوگ نے ہفتہ کو یہ معلومات دی۔اگلے 100دنوں تک کل 15000صارفین کے درمیان 1000روپے کی نقد انعامی رقم کی تقسیم کے لیے لکی صارفین اسکیم کے پہلے ڈرا کا آغاز نئی دہلی میں اتوار کو مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی اور اطلاعات ونشریات کے وزیر روی شنکر پرساد کریں گے۔آیوگ نے ایک بیان میں کہاکہ ملک کے مختلف حصوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے یہ پروگرام اگلے 100دنوں کے لیے ملک بھر کے 100مختلف شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔بیان کے مطابق، لکی صارفین اسکیم کے تحت فاتحین کا انتخاب یومیہ اور ہفتہ واری بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ ڈی جی دھن اسکیم کے تحت فاتحین کا انتخاب ہفتہ واری بنیاد پر کیا جائے گا، جس کے بعد 14/اپریل 2017کو ایک میگا ڈرا ہو گا۔اس کے بعد اس اسکیم کو آگے بڑھانے کو لے کر منصوبہ بندی کا جائزہ لیا جائے گا۔دونوں اسکیموں کی شروعات ڈیجیٹل ادائیگی کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے، جسے نیتی آیوگ نے شروع کیا ہے،ڈیجیٹل ذرائع سے پٹرول پمپ، انشورنس پریمیم، قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس اور ریلوے ٹکٹ کی ادائیگی پر چھوٹ بھی دی جائے گی، دیہی علاقوں میں کارڈ اور پی او ایس مشینوں کی فراہمی کے لیے بھی ایک اسکیم شروع کی جائے گی۔
 


Share: