ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / کراچی: ٹریفک پولیس کے افسر، اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ

کراچی: ٹریفک پولیس کے افسر، اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ

Fri, 11 Aug 2017 20:24:23  SO Admin   S.O. News Service

کراچی،11اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کراچی میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس کے ایک افسر اور ان کا ڈرائیور ہلاک ہوگئے ہیں۔واقعہ جمعے کی صبح کراچی کے علاقے عزیز آباد میں پیش آیا جہاں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد نے ڈی ایس پی ٹریفک حنیف خان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔فائرنگ سے حنیف خان اور ان کا ڈرائیور موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ مقتول ڈرائیور بھی ٹریفک پولیس کا اہلکار تھا۔پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں نے ڈی ایس پی کی گاڑی پر دونوں طرف سے فائرنگ کی اور 24 سے زائد گولیاں برسائیں۔واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر گولیوں کے خول اور دیگر شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے بھی مدد لی جائے گی۔
کراچی میں ایک ماہ سے بھی کم عرصے کے دوران ٹریفک پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔اس سے قبل 24 جولائی کو ابوالحسن اصفہانی روڈ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کرکے ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کو ہلاک اور دوسرے کو زخمی کردیا تھا۔کراچی میں دو سال قبل بھی ٹریفک پولیس کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ شروع ہوا تھا لیکن پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے دعوے کے بعد یہ سلسلہ تقریباً ختم ہوگیا تھا۔البتہ پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں حالیہ چند ماہ کے دوران تیزی آئی ہے۔


Share: