ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / یمنی فوج صنعاء کی فصیل کے قریب پہنچ گئی

یمنی فوج صنعاء کی فصیل کے قریب پہنچ گئی

Mon, 06 Jun 2016 17:21:31  SO Admin   S.O. News Service

صنعاء،6جون؍(آئی این ایس انڈیا)یمن کی مسلح افواج کے کمانڈر ان چیف جنرل محمد علی المقدشی نے کہا ہے کہ فوج اور اس کی حامی مزاحمتی ملیشیا دارالحکومت صنعاء کو باغیوں سے چھڑانے کے لیے فیصلہ کن جنگ کی تیاری کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتی فورسز اس وقت صنعاء کے دروازے پر دستک دے رہی ہیں۔ اگلے چند ایام میں قوم صنعاء کی باغیوں کے پنجے سے آزادی کی خوشخبری سنے گی۔یمن کی سرکاری خبر رساں ایجنسیاں کے مطابق آرمی چیف نے اپنے ایک بیان میں مسلح افواج کی قربانیوں اور باغیوں کے مقابلے میں عزم استقلال کا مظاہرہ کرنے پر اسے شاندار خراج تحسین پیش کیا ہے۔جنرل المقدشی کا کہنا ہے کہ یمن کی مسلح افواج قوم اور مسلم امہ کے مسائل پردشمن کے ساتھ کسی قسم کی سودے بازی نہیں کرے گی۔ ملک وقوم کی بالا دستی، استحکام اور سلامتی کو چیلنج کرنے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔جنرل محمد علی المقدشی نے فوجی افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ یاد رکھیں کہ تمام یمنی شہری آزاد انسان ہیں۔ وہ چاہے فوجی ہوں یا سویلین وہ یمن کے باعزت شہری ہیں۔ ملک میں امن و استحکام کے لیے پوری قوم کو ساتھ لے کر چلنا ہے۔ انہوں نے فوج اور مزاحمتی ملیشیا کے کارکنوں کو خبردار کیا کہ وہ دشمن کی بزدلانہ سازشوں سے با خبر رہیں اور باغیوں کو شکست دینے اور تمام ریاستی اداروں کو آئینی حکومت کی عمل داری میں لانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنے کی تاکید کی۔


Share: