نئی دہلی،25/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سی پی ایم کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری نے مودی حکومت پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ کیا ’گڈ گورننس ڈے‘منانے کا مقصد لوگوں کی پریشانیوں کو بڑھانا ہے، جیسا کہ نوٹ بند ی کے بعد ہوا۔نوٹ بند ی پر 50دن کی میعاد اگلے ہفتے ختم ہونے کے مدنظر یچوری نے دعوی کیا کہ اب تک بدعنوانی اوربلیک منی کے خلاف جنگ سمیت اعلان کردہ ہدف کو حاصل نہیں کیا جاسکا ہے۔یچوری نے ٹوئٹر پر ڈالے گئے ایک ویڈیو میں کہاکہ نوٹ بند ی کے بعد لوگوں کی پریشانی بڑھتی ہی جا رہی ہے اور کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے، اے ٹی ایم اور بینکوں کے باہر لائنیں لمبی ہو رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے جن مقاصد کو حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا، اس میں سے کسی بھی ہدف کو حاصل نہیں کیا جا سکاہے، اگر یہ گڈ گورننس ہے تو ہم سب کو سوال کرنے کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ حکومت نے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی سالگرہ کو ’گڈ گورننس ڈے‘کے طور پر منایاہے۔سی پی ایم لیڈر نے زور دے کر کہا کہ ملک جب نئے سال کی طرف بڑھ رہا ہے تو اسے گڈ گورننس کے بجائے بہتر حکمرانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے حکومت کی بے سمت پالیسیوں کے خلاف لوگوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے عزم کو دوگنا کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ اس چیلنج کا ہم سب کو سامنا کرنے کی ضرورت ہے۔