پٹنہ گڑھ :10 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) بیگو سرائے بہار کی ہاٹ سیٹ مانی جا رہی ہے۔ بی جے پی نے یہاں سے اپنے فائر برانڈ لیڈر گری راج سنگھ کو ٹکٹ دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دیئے حلف نامے کے مطابق گری راج سنگھ اور ان کی اہلیہ کی کل مقولہ و غیر منقولہ جائیداد8,30,24,577روپے کی ہے جو 2014 میں 5,00,54,771روپے کی تھی۔ گری راج سنگھ اور ان کی بیوی پر 1,22,36,000روپے کا قرض ہے ۔جس میں کار اور ہوم لون شامل ہے۔ حلف نامے کے مطابق گزشتہ پانچ سالوں میں گری راج سنگھ کی جائیداد قریب 66 فیصد اضافہ ہوا ہے، یعنی مکمل وکاس گری راج کی جائیداد میں ہی ہوا ہے۔اس کے علاوہ گری راج سنگھ کے پاس 1,74,000روپے اور ان کی بیوی کے پاس1,10,000 روپے نقد ہیں lجبکہ مختلف بینک اکاؤنٹس میں قریب 83 لاکھ روپے جمع ہیں۔ ان پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، وغیرہ سمیت کل نصف درجن معاملات درج ہیں۔ اس سیٹ پر سی پی آئی نے کنہیا کمار کو اپنا امیدوار بنایا گیاہے۔ اگر انتخابی حلف نامہ کا توازن کیا جائے تو گری راج کنہیا سے قریب 150 گنا زیادہ امیر ہیں۔ سال 2017۔18 میں کنہیا کی کل آمدنی 6,30,360روپے تھی جبکہ 2018۔19 میں یہ گھٹ کر2,28,290 روپے ہو گئی۔بتا دیں کہ بیگو سرائے سیٹ پر چوتھے مرحلے کے تحت 29 اپریل کو انتخابات ہونے ہیں۔ نتیجہ 23 مئی کو آ ئے گا۔اس سیٹ پر مہا گٹھ بندھن کی جانب سے تنویر حسن میدان میں ہیں۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں اس سیٹ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے بھولا سنگھ نے 4 لاکھ 28 ہزار 227 ووٹ حاصل کئے تھے اور 58 ہزار 335 ووٹوں کے بھاری فرق سے جیت درج کی تھی۔ گزشتہ سال 19 اکتوبر کو ان کا انتقال ہو گیا۔