ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی-این سی آر اور ہریانہ میں شدید سردی، یلو الرٹ جاری، لوگ سخت سردی سے پریشان

دہلی-این سی آر اور ہریانہ میں شدید سردی، یلو الرٹ جاری، لوگ سخت سردی سے پریشان

Thu, 19 Dec 2024 12:09:19  Office Staff   S.O. News Service

نئی دہلی ، 19/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی)شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں سردی کی شدت برقرار ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ میدانی علاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔ پنجاب، ہریانہ اور راجستھان سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں اور اس کا اثر دہلی پر بھی واضح طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔ دہلی-این سی آر میں بھی ٹھنڈ کا غلبہ ہے اور شدید سرد لہر نے لوگوں کو شدید سردی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بدھ کی صبح سے این سی آر کے شہریوں کو گھنے کہرے کا بھی سامنا ہے۔

دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت 7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور گہری دھند چھائی ہے۔ اس کے ساتھ دہلی میں فضائی آلودگی بھی بڑھ رہی ہے۔ آنے والے دنوں میں دھند برقرار رہے گی اور درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس تک گر سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، دہلی میں اس ہفتے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 24 ڈگری سیلسیس کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ آلودگی کے خاتمے کی فوری امید نہیں ہے۔ آج دہلی کا اوسطاً ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 448 ریکارڈ کیا گیا۔

صبح 5:30 بجے دہلی کا درجہ حرارت 6.2 ڈگری سیلسیس رہا اور صبح 7 بجے آئی جی آئی ایئرپورٹ پر حد نگاہ 700 میٹر رہی، جو گزشتہ رات کے 300 میٹر سے بہتر تھی۔ مختلف رن ویز پر حد نگاہ 1000 سے 2000 میٹر کے درمیان ہے، جس کے باعث پروازوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔

موسم سائنس مرکز سے ملی اطلاع کے مطابق اُمریا، شہڈول، جبل پور، منڈلا، سیونی، نوگاؤں میں سرد لہر کا کافی اثر رہا۔ بھنڈ، مرینا، گوالیار، ٹیکم گڑھ، نیواڑی، پنّا اور چھترپور میں صبح میں ہلکے سے درمیانی سطح کا کہرا رہا۔ حال میں شمال-مغربی ہند کے اوپر جیٹ اسٹریم (12.5 کلوٹرمیٹر کی اونچائی پر مغرب سے مشرق کی طرف 231 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا کا چلنا) بنا ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، پہاڑوں پر ہو رہی برفباری کا میدانی علاقوں پر زبردست اثر پڑا ہے۔ ہریانہ میں لرزہ دینے والی سردی جاری ہے۔ حصار کے بال سمند کا کم سے کم درجہ حرارت 0.8 ڈگری تک پہنچ گیا ہے۔ آنے والے دنوں میں رات کا درجہ حرارت اور نیچے جا سکتا ہے۔ 14 شہروں میں سرد لہر اور کہرے کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

وہیں راجستھان کے کئی علاقوں میں بھی شدید سردی پڑ رہی ہے۔ جے پور موسمیاتی مرکز کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے میں ریاست میں موسم عام طور پر خشک رہا۔ اس دوران کہیں کہیں بہت زیادہ سرد لہر کا احساس ہوا۔ مشرقی راجستھان میں کہیں کہیں کہرا بھی چھایا رہا۔

ادھر خلیج بنگال میں ایک کم دباؤ کا علاقہ بنا ہوا ہے۔ بحیرہ عرب میں ہوا کے اوپری حصہ میں گردابی طوفان ہے۔ پاکستان اور اس کے آس پاس ایک ویسٹرن ڈسٹربینس 'درونیکا' کی شکل میں فعال ہے۔ جنوب-مغربی راجستھان اور اس سے لگے پاکستان پر ایک طوفان بن گیا ہے۔

موسم سائنس مرکز کے سابق سینیئر موسم سائنس داں اجئے شکلا نے بتایا کہ پاکستان کے آس پاس ویسٹرن ڈسٹربینس اور طوفان کے اثر سے ہواؤں کا رخ مشرقی اور شمال-مشرقی ہو رہا ہے۔ اس وجہ سے کم سے کم درجہ حرارت میں کچھ اضافہ ہونے لگا ہے۔ اگلے تین دن میں ریاست میں رات کے درجہ حرارت میں تین سے چار ڈگری تک کا اضافہ ہو سکتا ہے۔
 


Share: