بھٹکل، 16 دسمبر (ایس او نیوز): بھٹکل کے معروف شمس انگلش میڈیم اسکول کی ایک ٹمپو میں اچانک آگ لگنے سے ٹمپو کا اگلا حصہ مکمل طور پر جل گیا۔ تاہم، ڈرائیور کی حاضر دماغی سے تمام بچے محفوظ رہ گئے۔
اطلاع کے مطابق، دوپہر تقریباً پونے دو بجے اسکول وین بچوں کو شرالی چھوڑنے کے لیے نکلی تھی۔ وین میں تقریباً 12 بچے سوار تھے۔ وینکٹاپور بریج کے قریب پہنچنے سے پہلے ہی ڈرائیور نے جیسے ہی انجن کے قریب دھواں اٹھتا دیکھا، فوری طور پر ٹمپو کو سڑک کے کنارے روک کر تمام بچوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکالا اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔
فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے پہلے ہی دھواں شعلوں میں تبدیل ہو چکا تھا، اور ٹمپو کے اگلے حصے سے آگ کے شعلے بلند ہونے لگے تھے۔ فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے فوری کاروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پایا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔ آگ لگنے سے ٹمپو کو کافی نقصان پہنچا ہے۔۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مضافاتی پولس تھانہ کے سرکل پولس انسپکٹر چندن گوپال سمیت دیگر پولس حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ آگ لگنے کے تعلق سے جانچ جاری ہے۔