بیٹے کے خلاف الزام ثابت کرکے دکھائیں،امریندر کا وزیرخزانہ کوچیلنج
چندی گڑھ7جون(آئی این ایس انڈیا)پنجاب کانگریس کے صدر امریندر سنگھ نے الزام لگایا کہ مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی ان کے اور ان کے خاندان کے خلاف ای ڈی اورانکم ٹیکس محکمہ کا استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے جیٹلی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے بیٹے کے خلاف لگے الزامات کو ثابت کر کے دکھائیں۔ای ڈی نے مبینہ غیر ملکی کرنسی خلاف ورزیوں اور بغیر ٹیکس ادا کیے غیر ملکی جائیداد رکھنے کے معاملے میں امریندر کے بیٹے کے خلاف جاری تحقیقات کے سلسلے میں یہ سمن بھیجا ہے۔امریندر نے کہاکہ کیونکہ جیٹلی کی ایجنسیاں کسی پر بے بنیاد الزام لگاتی ہیں، صرف اس وجہ سے کوئی شخص مجرم نہیں ہو جاتا۔میں انہیں چیلنج کرتا ہوں کہ میرے بیٹے کے خلاف لگے تمام الزامات کو عدالت میں ثابت کرکے دکھائیں۔کانگریسی لیڈر نے کہاکہ ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس ان کی(جیٹلی کی)وزارت کے تحت آتے ہیں اور وہ مجھ سے (امرتسر لوک سبھاسیٹ پر شکست کا)بدلہ لینے کے لئے میرے اور میرے خاندان کے ارکان کے خلاف ان ایجنسیوں کا استعمال کر رہے ہیں ۔انہوں نے دعویٰ کیاکہ پہلے میری بیوی تھی، اب میرا بیٹا ہے۔کل میں بھی ہو سکتا ہوں جس کے خلاف وہ الزام لگائیں گے کیونکہ انتخابات کا موسم ہے۔یہ پنجاب انتخابات تک ہوتا رہے گا۔انتخابات قریب ہونے کی وجہ سے ایساہورہاہے۔کانگریسی لیڈر نے کہاکہ لیکن ملک میں قانون ہے اور ہمیں اپنی عدالتی نظام پر مکمل اعتماد ہے۔بالآخر یہ سارے الزام بیکار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ مجھے بھی انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ سے نوٹس ملا تھا جب میں امریکہ میں تھا۔میں نے اس کا جواب دیا تھا۔ہم بے داغ نکلیں گے۔کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا گیا اور بھارتی قانون کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی گئی۔سرکاری ذرائع کے مطابق ای ڈی نے ردر کو رقم مبینہ طور پر سوئٹزرلینڈ بھیجے جانے اور برطانوی ورجن آئی لینڈ میں ایک ٹرسٹ بنانے اور کچھ ساتھی کمپنیاں بنانے کے بارے میں صفائی دینے کے لئے سمن بھیجا ہے۔