منگلورو16؍اگست(ایس او نیوز)انسپکٹر جنرل آف پولیس (مغربی زون) ہری شیکھرن کے بنگلورو تبادلے کے بعد ان کی جگہ پرہیمنت نمبالکر نے نئے آئی جی پی کی حیثیت سے چارج لیا ہے۔
اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے ساتھ پہلی پریس کانفرنس میں ہیمنت نمبالکر نے عوام کو بھروسہ دلاتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کو امن و امان کے ساتھ زندگی گزارنے کا موقع ملنا چاہیے۔ اگر کوئی اس میں خلل ڈالنے یا کسی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے تو پھر اسے بخشانہیں جائے گا۔اور ایسے لوگوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مسٹر ہیمنت نمبالکر نے مزید کہا کہ یہاں کا چارج لینے سے پہلے میں نے اس علاقے اور یہاں کے حالات کاتفصیلی مطالعہ کیا ہے ۔میں نے بہت ساری اہم معلومات جمع کرلی ہے اور اسی کی بنیاد پر میں اگلے اقدامات کروں گا۔
نمبالکر اس سے قبل اینٹی ٹیرورسٹ اسکواڈ کے ایس پی، ضلع چکمگلورو اور بیلگاوی کے ایس پی، اے ڈی جی پی (انٹرنل سیکیوریٹی) بنگلورو، جوائنٹ کمشنر آف پولیس بنگلورو، ڈی آئی جی فائر سروس اورآئی جی پی (معاشی جرائم) سی آئی ڈی کے بطوراپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
خیال رہے کہ آئی جی پی(مغربی زون) کی صورت میں چارج لینے والے نمبالکر جنوبی کینرا کے لئے بھی کوئی نیا چہرہ نہیں ہے۔ اس سے قبل 2002میں وہ موڈبیدری اور وٹلا میں پروبیشنری افیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔