ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ڈی کے شیوکمار کو زبردست دھکا۔9دنوں کیلئے ای ڈی تحویل میں دیا وکیل اور اہل خانہ کو ملنے کی اجازت۔13؍ستمبرکو ضمانت کی عرضی پر سماعت ہوگی

ڈی کے شیوکمار کو زبردست دھکا۔9دنوں کیلئے ای ڈی تحویل میں دیا وکیل اور اہل خانہ کو ملنے کی اجازت۔13؍ستمبرکو ضمانت کی عرضی پر سماعت ہوگی

Thu, 05 Sep 2019 10:51:14  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو،5؍ستمبر(ایس او نیوز) سابق ریاستی وزیر وریاستی کانگریس کے طاقتور لیڈر ڈی کے شیوکمار کو اس وقت بڑا دھکا لگا جب ان کے خلاف اینفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے داخل مقدمہ پر سماعت کررہی خصوصی عدالت نے آج انہیں 9دنوں کے لئے ای ڈی کی تحویل میں دے دیا۔13ستمبرتک ای ڈی شیوکمار سے پوچھ گچھ کرسکتا ہے۔شیوکمار کی ای ڈی تحویل کے دوران خصوصی عدالت نے شیوکمار کے وکیل اور ان کے اہل خانہ کو ملنے کی اجازت دی ہے۔ دریں اثناء شیوکمار نے اپنے وکیل کے ذریعہ اس کورٹ میں اپنی ضمانت کی عرضی داخل کی تھی۔ اس عرضی پر عدالت13/ستمبرکو سماعت کرے گی۔ اگر اس دن بھی شیوکمار کو عدالت نے ضمانت نہیں دی تو انہیں جیل بھیجاجاسکتا ہے۔ کل3ستمبر کو ڈی کے شیوکمار کی گرفتاری کے بعد سے ہی ان کے اسمبلی حلقہ کنکاپورہ،رام نگرم اور چن پٹن میں ان کے حامیوں نے احتجاجی مظاہرے شروع کردیئے تھے۔ ان تین مقامات پران کی گرفتاری کے خلاف شیوکمار کے حامیوں نے آج بھی احتجاجی مظاہرے کئے۔ دکانیں اور کاروبار بند رکھے گئے۔ کئی سرکاری بسوں پر پتھراؤ بھی کیاگیا۔ شیوکمار کے طرفداروں کو یہ امید تھی کہ آج انہیں ضمانت مل جائے گی لیکن خصوصی عدالت کے انہیں 13/ستمبر تک ای ڈی کی تحویل میں دینے سے ان کے طرفداروں کو بہت مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے اپنے غم وغصہ کا اظہار بھی کیاہے۔ شیوکمار کو ای ڈی تحویل میں دیئے جانے کے خلاف ان کے طرفداروں کے احتجاجی مظاہروں میں کل5/ستمبر کو زیادہ شدت پیداہونے کا امکان ہے۔ خصوصی عدالت کے فیصلہ کے بعد شیوکمار کو ای ڈی دفتر لے جایاگیا۔ وہ اس فیصلہ سے بہت مایوس اور ناراض نظرآرہے تھے۔ شیوکمار کو ای ڈی تحویل میں دینے کے بعد انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان سے سیاسی انتقام لیاگیاہے۔ ایک سیاسی سازش کے تحت انہیں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی سازش کے روبرو اس ملک کا قانون بھی بے بس ہوگیاہے۔

احتجاج میں شدت کا امکان:منی لانڈرنگ معاملہ میں شیوکمار کی گرفتاری کی کے خلاف آج کانگریس ورکرس نے ریاست کی راجدھانی بنگلور کے علاوہ ریاست کے مختلف مقامات پر احتجاج کیاگیا۔اب شیوکمار کو 9دنوں کے لئے ای ڈی کی تحویل میں دینے کی خبر پورے ملک میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہے۔ کل ریاست کے مختلف مقامات بالخصوص کنکاپور،رام نگرم اور چن پٹن میں بی جے پی مرکزی حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ میں شدت کا امکان ہے۔ ریاستی وزیر برائے داخلہ امور بسواراج بومائی نے آج مختلف خبروں کے حوالہ سے کہا ہے کہ احتجاج کے دوران پانچ سے 6سرکاری بسوں پر پتھراؤ کیاگیا۔ انہوں نے بتایا کہ بنگلور اور کنکاپورہ میں ایک بس کو آگ لگانے کی بھی کوشش کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق آج شیوکمار کے طرفداروں نے رام نگرم، کنکاپورہ، چن پٹن،بڈدی اور چندپڑوسی مقامات پر احتجاجی مظاہروں کے دوران دکانیں اور کاروبار بند کروایا۔ ٹائروں کو جلاکر سڑکوں پر رکاوٹ پیداکرنے کی کوشش بھی کی۔ شیوکمار کا کنکاپورہ اسمبلی حلقہ رام نگرم ضلع کی حدود میں آتا ہے۔ اس کے زیادہ علاقے بنگلور دیہی پارلیمانی حلقہ کی حدود میں آتے ہیں جس کی نمائندگی شیوکمار کے بھائی ڈی کے سریش کرتے ہیں۔ ان مقامات پر ضلعی انتظامیہ نے احتیاطی اقدامات کے طورپر آج چہارشنبہ کے دن اسکولوں اور کالجوں کو چھٹی دے دی تھی۔وزیرداخلہ امور بومائی نے امن وامان برقرار رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے نظم و ضبط کی بحالی کے لئے ضروری اقدام کرنے متعلقہ افسروں کو ہدایت دی ہے۔ بومائی نے آج صبح سینئر پولیس افسروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ شیوکمار ریاست میں کانگریس کے مشکل کشا کے نام سے مشہور ہیں۔ انسداد منی لانڈرنگ قانون کی گنجائش کے تحت جب انہیں گرفتار کرکے ای ڈی دہلی کے روبرو پیش کرکے ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ اس وقت منڈیا،ہاسن، چک بالاپور، کولار، داونگیرے،بلاری اور بنگلور میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔کانگریس نے اپنے ضلعی یونٹوں کو یہ ہدایت دی تھی کہ چہارشنبہ کے دن شیوکمار کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کریں۔چند مقامات پر جے ڈی ایس نے بھی کانگریس کے ساتھ احتجاجی مظاہروں میں حصہ لیا۔ دونوں پارٹیوں نے بی جے پی کی قیادت والی حکومت پر الزام لگایاکہ مرکزی حکومت مرکزی ایجنٹوں کا استعمال کرکے اپنے سیاسی حریفوں کے خلاف انتقام لے رہی ہے۔بنگلورمیں منائے گئے احتجاج کی قیادت کے پی سی سی صدر دنیش گنڈوراؤ نے کی۔جبکہ سی ایل پی لیڈر وسابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے میسور میں منائے گئے احتجاجی مظاہرہ میں حصہ لیا۔حالانکہ بی جے پی نے کہا ہے کہ شیوکمار کے خلاف جانچ ایجنسیوں کے پاس ٹھوس ثبوت ہیں۔بی جے پی نے شیوکمار کی گرفتاری کے پیچھے سیاسی سازش ہونے کے کانگریس کے الزام کو مسترد کردیا۔

صرف41لاکھ میرے ہیں:   ڈی شیو کمار نے پوچھ گچھ میں کہا ہے کہ 3 فلیٹ میں ملا پیسہ ان کا نہیں ہے۔شیو کمار نے کہا ہے کہ ان پیسوں میں صرف 41 لاکھ 3600 روپے ان کے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ شیو کمار ای ڈی کی تفتیش میں تعاون نہیں کر رہے ہیں۔ای ڈی نے ان سے منی لانڈرنگ کے حوالے سے کئی سوال پوچھے ہیں۔بتا دیں کہ ڈی شیو کمار کو آج ای ڈی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ای ڈی شیو کمار سے گزشتہ چار دنوں سے دہلی میں پوچھ گچھ کر رہی تھی۔کل رات میڈیکل کے لئے شیو کمار کو دہلی کے رام منوہر لوہیا ہسپتال لایا گیا تو کانگریس کارکنوں نے وہاں جم کر ہنگامہ کیا۔کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں تو کانگریس کارکنوں نے آتش زنی تک کی۔دراصل سال 2017 میں محکمہ انکم ٹیکس نے شیو کمار کے کئی ٹھکانوں پر چھاپہ ماری کی تھی۔دہلی میں ان کے ایک ٹھکانے سے قریب 8 کروڑ کیش بھی ملے تھے۔محکمہ انکم ٹیکس نے کورٹ میں چارج شیٹ دائر کی۔اس کے بعد محکمہ انکم ٹیکس کی چارج شیٹ کی بنیاد پر ای ڈی نے شیو کمار پرمنی لانڈرنگ کیس میں مقدمہ درج کیا،بعد میں شیو کمار نے کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔کورٹ سے انہیں تب راحت مل گئی، لیکن کورٹ میں شکست کے بعد ای ڈی نے انہیں 4 دن پہلے ہی بنگلور سے دہلی پوچھ گچھ کے لئے بلایا تھا اور اب پوچھ گچھ کے دوران ہی ڈی کے شیو کمار کو گرفتار کر لیا گیاتھا۔


Share: