ریو دی جنیریو،6ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)برازیلی حکام نے کہا ہے کہ ملک کے اولمپک سربراہ نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کو رشوت دے کر ریو اولمپکس کی میزبانی حاصل کرنے کی سازش رچی تھی۔برازیل پولیس نے کل ایک بیان میں کہا کہ وہ بین الاقوامی کرپشن کی تحقیقات کر رہے ہیں جو 2016اولمپکس کی میزبانی ریو کو دینے کے لئے ووٹ خریدنے کے مقصد سے کی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ کئی ممالک میں نو ماہ تک کی گئی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ کچھ بے ضابطگی ہوئی ہے۔پولیس نے کہا کہ برازیل اولمپکس کے سربراہ کارلوس نجمین کو پوچھ گچھ کے لیے بلایا گیا اور ان کے گھر کی تلاشی لی گئی۔پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ نجمین کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا تاہم ان کی گرفتاری نہیں ہوئی لیکن ان کا پاسپورٹ ضبط کر لیا گیا۔اس کے علاوہ کاروباری آرتھر سوریس کی گرفتاری کے لیے وارنٹ جاری کیا گیا جسے ریو حکومت نے اولمپک سے پہلے موٹی رقم والے معاہدے دئے تھے۔ان کی سابق ساتھی ایلیینے پریرا کاوالکیٹے کو بھی ریو میں گرفتار کیا گیا۔ادھر سوئٹزرلینڈ کے لوزان میں آئی او سی کے ایک ترجمان نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئی او سی کو میڈیا سے اس کے بارے میں پتہ چلا ہے اور ہم مکمل معلومات حاصل کرنے کے کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی او سی کو اس معاملے میں ایک وضاحت لینی ہی ہوگی۔