نئی دہلی، 18؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )سابق آئی اے ایس افسر الکا سروہی کو یونین پبلک سروس کمیشن(یو پی ایس سی)کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔وہ دیپک گپتا کی جگہ لیں گی جن کی مدت کار منگل کو ختم ہو رہی ہے۔پرسنل اور ٹریننگ محکمہ کی طرف سے جاری ایک حکم میں کہا گیا کہ صدر پرنب مکھرجی نے 21؍ستمبر سے الکا کو یوپی ایس سی سربراہ کے عہدے پر کام کرنے کے لیے مقرر کیا ہے۔وہ اس وقت یوپی ایس سی میں رکن ہیں۔حکم کے مطابق تقرری اگلے حکم تک کے لیے یا 3 ؍جنوری 2017کو رکن کے طور پر ان کی مدت کار مکمل ہونے تک، جو بھی پہلے آئے، کے لیے کی گئی ہے۔اس میں کہا گیا کہ یوپی ایس سی کے سربراہ کا عہدہ منگل کو خالی ہو جائے گا۔گپتا ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کے بعد عہدہ چھوڑ رہے ہیں۔مرکز نے کمیشن کے موجودہ ارکان میں سے سربراہ کی تقرری کی روایت سے پہلی بار انحراف کرتے ہوئے نومبر 2014میں گپتا کو یوپی ایس سی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔اس وقت الکا سب سے سینئر رکن تھیں اور سربراہ ہو سکتی تھیں۔الکا مدھیہ پردیش کیڈر کی ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔جنوری 2012میں کمیشن کی رکن بننے سے پہلے وہ پرسنل اور ٹریننگ محکمہ میں سکریٹری تھیں۔کمیشن کی قیادت اس کے سربراہ کرتے ہیں اور کمیشن میں زیادہ سے زیادہ دس رکن ہو سکتے ہیں۔کمیشن کے دوسرے ارکان میں ماہر تعلیم ڈیوڈ آر سملیہ، پروفیسر ہیم چندر گپتا اور پردیپ کمار جوشی، دہلی پولیس کے سابق کمشنر بی ایس بسی، ریلوے بورڈ کے سابق سربراہ ونے متل، سابق آئی اے ایس افسر چھتر سنگھ اور ہوا بازی اور خفیہ ایجنسی را کے تحقیق سینٹر کے سابق انچارج اروند سکسینہ شامل ہیں۔