نئی دہلی، 30/نومبر (ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)ریزرو بینک آف انڈیا نے جن دھن اکاؤنٹس سے ایک ماہ میں زیادہ سے زیادہ 10000روپے تک نکالنے کی حد مقرر کر دی ہے۔مرکزی بینک نے یہ قدم نوٹ بند ی کے بعد گاؤں والوں کو ان کے بینک اکاؤنٹ میں غیر قانونی طریقے سے اپنی بلیک منی جمع کرانے والوں سے بچانے کے لیے اٹھایا ہے۔تاہم زیادہ روپیوں کی ضرورت ہونے پر بینک کو ضروری دستاویزات کو دکھا کر دیہی باشندے اپنے جن د ھن اکاؤنٹ سے 10000روپے سے زیادہ بھی نکال سکتے ہیں، لیکن بینکوں کو ان لین دین اور اس کے دستاویزات کا ریکارڈ رکھنا ہو گا۔ریزرو بینک نے ساتھ ہی کہا ہے کہ جمع رقم کے معاملے میں جن دھن اکاؤنٹس کے لیے 50000روپے کی حد ہے۔ اس سلسلے میں جاری ریزرو بینک کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم جن دھن یوجنا (پی ایم جے ڈی وائی)اکاؤنٹ ہولڈر کسانوں اور دیہی باشندوں کے تحفظ کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا گیا ہے، ان کے اکاؤنٹس کو منی لانڈرنگ کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے اور اس کے نتیجے میں گمنام جائیداد کے لین دین اور منی لانڈرنگ قانون کی سخت دفعات کو دیکھتے ہوئے احتیاط کے طور پر ایسے اکاؤنٹس کے آپریشن پر کچھ حدیں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی بینک نے کہا ہے کہ فی الحال یہ قدم عارضی طور پر کئے گئے ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق،جن جن دھن اکاؤنٹس میں اپنے صارفین کو جانو (کے وائی سی)کی تمام شرائط پر عمل کیا گیا ہے، ان میں سے ہر ماہ 10000روپے تک اور ایسے جن د ھن اکاؤنٹ، جن میں حد یا کے وائی سی کی تعمیل نہیں ہے،ان اکاؤنٹس سے ماہ میں 5000روپے ہی نکل سکیں گے۔اس میں کہا گیا ہے، تاہم بینکوں کے برانچ منیجر موجودہ طے حد کے دائرے میں رہتے ہوئے معاملے کی سنگینی کی جانچ کرنے کے بعد ایسے اکاؤنٹس سے مہینہ میں 10 ہزار روپے کی اضافی نکاسی کی بھی اجازت دے سکتے ہیں۔آر بی آئی نے یہ قدم ان رپورٹوں کے بعد اٹھایا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ بلیک منی پر روک لگانے کے مقصد سے 8/نونبر کو 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کا چلن بند کئے جانے کے بعد وزیر اعظم جن دھن یوجنا کے تحت کھولے گئے اکاؤنٹس، جو اب تک بند پڑے تھے، میں اچانک بڑی مقدار میں نقد رقم جمع ہوئیں، کئی ریاستوں میں آ رہی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ حال ہی میں کھلے کئی جن دھن اکاؤنٹس میں 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں میں بڑی رقم جمع کرائی گئی ہے۔حکومت کو خدشہ ہے کہ بلیک منی رکھنے والے اپنی غیر قانونی دولت کو قانونی بنانے کے لیے کسانوں اور دوسرے لوگوں کے جن دھن اکاؤنٹس کا استعمال کر رہے ہیں۔نوٹ بند ی کے بعد گزشتہ صرف 14دنوں میں ہی جن د ھن اکاؤنٹس میں 27200کروڑ روپے جمع کئے گئے ہیں۔ان 25.68کروڑ جن د ھن اکاؤنٹس میں 23نومبر تک کل جمع رقم 70000کروڑ روپے کا ہندسہ پار کرتے ہوئے 72834.72کروڑ روپے تک پہنچ گئی۔نوٹ بند ی سے پہلے ان اکاؤنٹس میں 45636.61کروڑ روپے جمع تھے، وہیں اس کے بعد سے جن دھن اکاؤنٹس میں 27198کروڑ روپے کی اضافی رقم جمع ہوئی ہے،حالانکہ، یہ بھی حقیقت سامنے آئی ہے کہ 25.68کروڑ جن دھن اکاؤنٹس میں سے 22.94فیصد اکاؤنٹ اب بھی خالی ہیں۔
ا