ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / بنگال: سلی گڑی کے بی جے پی دفتر میں لٹکی ملی لاش، پولیس کر رہی جانچ

بنگال: سلی گڑی کے بی جے پی دفتر میں لٹکی ملی لاش، پولیس کر رہی جانچ

Thu, 04 Apr 2019 21:25:06  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:4 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے لئے ووٹنگ میں اب کچھ ہی دن باقی ہیں، ایسے میں سیاسی جنگ اپنے عروج پرہے۔مغربی بنگال میں ایک بار پھر سیاسی تشدد کا معاملہ سامنے آیا ہے۔یہاں سلی گڑی میں ایک بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکن کی لاش پارٹی بوتھ دفتر میں لٹکی ہوئی ملی،جس شخص کی لاش ملی ہے، اس کی عمر قریب 42 سال بتائی جا رہی ہے۔بی جے پی کارکن کی لاش جمعرات کی صبح دفتر میں لٹکی ہوئی ملی،جس کے بعد مقامی پولیس نے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے۔غور طلب ہے کہ اس سے پہلے بھی پنچایت انتخابات کے دوران کئی بی جے پی کارکن اور ٹی ایم سی کارکنوں کے قتل کا معاملہ سامنے آیاتھا۔غور کرنے والی بات یہ بھی ہے کہ بدھ کو ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے سلی گڑی میں ایک جلسے سے خطاب کیا تھا، جہاں پر ان کے نشانے پر ریاست کی ٹی ایم سی حکومت تھی۔وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگال میں بدھ کو کل دو ریلیوں سے خطاب کیا تھا، سلی گڑی کے علاوہ ان کی کولکاتہ میں بھی ریلی تھی۔اس سے پہلے بھی پنچایت انتخابات کے دوران دونوں جماعتوں میں کافی تیکھے وار ہوئے تھے، اس دوران بھی درجنوں بھارتیہ جنتا پارٹی یا سنگھ کارکنوں کو تشدد کے دوران ماراگیاتھا،یا ان کی لاش اس طرح لٹکی ہوئی ملی تھی۔بی جے پی تبھی سے بنگال میں جارحانہ طورپرممتابنرجی کی حکومت پرنشانہ سادھے ہوئے ہے۔مغربی بنگال میں لوک سبھا کی کل 42 سیٹیں ہیں، جن میں سے زیادہ تر پر ٹی ایم سی کا ہی قبضہ ہے لیکن اس بار بی جے پی نے یہاں 20 سے زائد سیٹیں جیتنے کا ٹارگیٹ رکھا ہے، یہی وجہ ہے کہ پی ایم مودی، امت شاہ سمیت سارے بڑے لیڈر بنگال پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔


Share: