ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بومئی کابینہ کے 29 وزراء کی حلف برداری کوئی نائب وزیراعلیٰ نہیں -اگلے دو دنوں میں قلمدانوں کی تقسیم

بومئی کابینہ کے 29 وزراء کی حلف برداری کوئی نائب وزیراعلیٰ نہیں -اگلے دو دنوں میں قلمدانوں کی تقسیم

Thu, 05 Aug 2021 10:44:37  SO Admin   S.O. News Service

بنگلورو،5؍ اگست (ایس او نیوز) حسب اعلان ریاستی وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے آج اپنی کابینہ میں 29 اراکین کو شامل کرکے 30 رکنی وزارت تشکیل دے دی- راج بھون کے گلاس ہاؤز میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں ریاستی گورنر تاورچندگہلوٹ نے 29 وزراء کو عہدہ کی رازداری کا حلف دلایا- وزیراعلیٰ نے حلف برداری تقریب سے قبل ہی ایک اخباری کانفرنس میں یہ واضح کہا تھا کہ پارٹی ہائی کمان نے کسی کو بھی نائب وزیراعلیٰ نہ بنانے کا اعلان کیا ہے، اس لئے بومئی کابینہ میں کوئی نائب وزیراعلیٰ نہیں ہے- ایڈی یورپا کابینہ کے 7 وزراء کو ہٹاکر ان کی جگہ 6 نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے -بومئی کابینہ میں 8 لنگایت، 7 وکلیگا، 7 پسماندہ طبقات ایک برہمن کو جگہ دی گئی ہے - نئی کابینہ میں 13 اضلاع کو نمائندگی نہیں ملی ہے جو درج ذیل ہیں -میسور، کلبرگی، رام نگرم،کوڈگو، رائچور، ہاسن،وجیاپورہ، بلاری،داونگیرے،کولار،یادگیر،چک منگلور۔ 6 اضلاع ایسے ہیں جہاں سے دودو وزراء ہیں - ایڈی یورپا کابینہ کے جن 7 وزراء کو ڈراپ کیا گیا ہے ان میں جگدیش شٹر، سریش کمار، اروند لمباولی، لکشمن ساؤدی، یوگیشور، آرشنکر اورشریمنت پاٹل شامل ہیں -ریاستی گورنر نے جن 29 وزراء کو آج حلف دلایا ان کے نام اس طرح ہیں -گووند ایم کارجول،کے ایس ایشورپا،آراشوک، بی سری راملو، وی سومنا، امیش کٹی، ایس انگارا، جے سی مادھو سوامی، آرگاگیانیندرا،ڈاکٹرسی این اشوتھ نارائن،سی سی پاٹل، آنند سنگھ کوٹا سرینواس پجار، پربھوچوہان،مرگیش نرانی،شیورام ہیبار، ایس ٹی سوم شیکھر، بی سی پاٹل، بائرتی بسواراج، ڈاکٹر کے سدھاکر، کے گوپالیا، ششی کلا جولے، ایم ناگراج (ایم ٹی بی ناگراج) کے سی نارائن گوڈا، بی سی ناگیش -پچھلے ماہ 28 جولائی کو بسواراج بومئی کی ایک رکنی کابینہ کا وجود عمل میں آیا تھا-کابینہ میں جن 6 نئے چہروں کو شامل کیاگیا ہے، ان میں سنیل کمار،ہالپا اچار، شنکر پاٹل، ایم منی رتنا، ارگاگیانیندرا اوربی سی ناگیش شامل ہیں -75 منٹوں کی اس حلف برداری تقریب میں شرکت کرنے والی اہم شخصیتوں میں سابق وزیر اعلیٰ ایس بی ایڈی یورپا کرناٹک میں پارٹی انچارج ارون سنگھ،نلن کمار کیٹل رکن پارلیمان ڈاکٹر امیش جادھو حاضر رہے اور نئے وزراء کو مبارکباد دی -

چند اہم نکات: اس حلف برداری تقریب میں تمام لجس لیٹرس نے اپنے گلے میں زعفرانی رنگ کا تولیہ پہن رکھاتھا -بنجارہ طبقہ کے پربھو چوہان اس طبقہ کا روایتی لباس پہن کر تمام کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے تھے -سشی کلا جولے اس کابینہ میں واحد خاتون ہیں - تمام وزراء نے دیوروکے نام پر کنڑا زبان میں حلف لیا -شیورام ہیبار اور سشی کلا جولے نے دیورو اوراپنے ووٹروں کے نام پر حلف لیا -آنند سنگھ نے پمپاویر ویکشا اور وجیا نگر کی ماتا بھونیشوری کے نام پر حلف لیا -بی سی پاٹل نے بسویشورا اورکسان کے نام پر حلف لیا جب کہ پربھو چوہان نے گاؤ ماتا سنت سیوالال کے نام پر حلف لیا -ریاست کے چیف سکریٹری روی کمار نے اس حلف برداری تقریب کا اہتمام کروایا تھا-اس تقریب کے بعد وزیراعلیٰ نے خود یہ اعلان کیا ہے کہ اگلے دو دنوں میں قلمدان کی تقسیم ہوگی -


Share: