قاہرہ،3مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)مصر کے جزیرہ نما سیناء میں ایک مقامی قبیلے نے شدت پسند گروپ ’داعش‘ کے 8 جنگجو ہلاک اور کم سے کم تین یرغمال بنا لیے ہیں۔ شمالی سیناء میں موجود ’الترابین‘ قبیلے کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے منگل کے روز علی الصباح مقامی وقت کے مطابق ساڑھے پانچ بجے جنوبی رفح میں العجراء کے مقام پر چار گاڑیاں دیکھیں۔ تحقیق کرنے پر پتا چلا کہ وہ گاڑیاں داعشی دہشت گردوں کی تھیں۔ قبائلی جنگجوؤں نے دہشت گردوں کو روکا جس پر ان میں جھڑپ ہوگئی۔ مسلح قبائلیوں نے جھڑپ میں 8 داعشی قتل اور تین زندہ پکڑ لیے۔ گرفتار کیے جانے والوں میں داعش کا رفح اور الشیخ زوید کے علاقے کا اہم کمانڈر بھی شامل ہے۔ لڑائی میں قبائلی جنگجوؤں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔خیال رہے کہ حال ہی میں جزیرہ سیناء کے قبائل نے داعش کے دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائی اور جزیرے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی دھمکی دی تھی۔ اس دھمکی کے بعد قبائلیوں نے عملا داعش اور دوسرے دہشت گردوں کے خلاف لڑائی شروع کی ہے۔الترابین قبیلے کی طرف سے ہلاک کیے گئے داعشی جنگجوؤں اور ان کے اسلحہ اور دیگر سازو سامان کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔ایک مقامی قبائلی سردار ابراہیم العرجانی کا کہنا ہے کہ ان کے قبیلے الترابین کے علاوہ السوارکہ، الرمیلات اور التیاھا قبائل نے متفقہ طور پر جزیرہ سیناء کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے اور مصری فوج کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعشی دہشت گرد العریش میں المہدیہ، شبانہ، العذرا، جہاد ابو طبل جیسے علاقوں میں روپوش ہیں۔