سرینگر،10دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)جموں کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے ملک کے لوگوں کو ریاست کا دورہ کرنے اور اس کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہونے کے لئے مدعو کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ دنیا میں سیاحوں کے لئے سب سے محفوظ جگہ ہے۔محبوبہ نے یہاں ایک پروگرام میں کہاکہ جموں کشمیر سیاحوں کے لئے نہ صرف ملک میں بلکہ پوری دنیا میں سب سے محفوظ ہے خاص طور پر خواتین کے لئے۔آپ یہاں بغیر کسی خوف کے گھوم سکتے ہیں یہاں تک کی رات میں بھی اور آپ کے ساتھ کوئی انہونی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو ملک کے دیگر حصوں میں کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن ان کی حکومت یہاں انہیں کوئی مشکل کا سامنا نہیں کرنے دے گی۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہمیں معلوم پڑتا ہے کہ دوسرے حصوں میں دن دہاڑے خواتین کے ساتھ کیا ہوا، اس کے مقابلے میں خواتین یہاں آ سکتی ہیں چاہیں تو خود یا گروپ میں،ہم اچھی طرح سے ان کا خیال رکھیں گے اور انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنے دیں گے۔محبوبہ نے کہا کہ ان کی حکومت سیاحوں کیلئے پرکشش پیکیج کی پیشکش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ یہاں کا ماحول بھی بہت اچھا ہے،مقام شاندار ہے اور آنے والے دنوں میں برف باری بھی ہونی ہے اور میں ملک کے تمام لوگوں کو مدعو کرنا چاہوں گی کہ وہ کشمیر کا دورہ کریں اور ہماری مہمان نوازی کا لطف اٹھائیں۔