نئی دہلی، 5/دسمبر (ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)خواتین کرکٹ کی کپل دیومانی جانے والی جھولن گوسوامی خواتین ٹی- 20بین الاقوامی کرکٹ میں 50وکٹیں حاصل کرنے والی ہندوستان کی پہلی اور دنیا کی آٹھویں گیندباز بن گئی ہیں۔ تیز گیند باز نے یہ کامیابی آج پاکستان کے خلاف بینکاک میں کھیلے گئے ایشیا کپ فائنل میں حاصل کی۔ہندوستان نے یہ میچ 17رنوں سے جیت کر مسلسل چھٹی بار خطاب اپنے نام کیا۔جھولن نے پاکستان کی سلامی بلے باز عائشہ ظفر کو بولڈ کرکے کرکٹ کے اس سب سے چھوٹے فارمیٹ میں 50وکٹیں پوری کی۔ان کے نام پر اب 60میچوں میں 50وکٹ درج ہیں اور ان کا اوسط 20.90ہے۔خواتین ٹی- 20بین الاقوامی کرکٹ میں ابھی سب سے زیادہ وکٹ لینے کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز کی آف اسپنر انیسہ محمد کے نام پر ہے جنہوں نے 89میچوں میں 104وکٹیں حاصل کی ہیں۔گزشتہ 14سالوں سے ہندوستانی گیندبازی اٹیک کی قیادت کررہیں جھولن نے 10 ٹیسٹ میچوں میں 40اور 151ون ڈے میچوں میں 177وکٹیں لی ہیں۔ون ڈے میں انہیں آسٹریلیا کی کیتھرین فٹج پیٹرک کے سب سے زیادہ وکٹ کے ریکارڈ کی برابری کرنے کے لیے صرف تین وکٹوں کی ضرورت ہے۔