جموں، 8؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )جموں و کشمیر پولیس نے ریاست کے موسم گرما کے دارالحکومت سری نگر میں سرگرم حزب المجاہدین تنظیم سے منسلک ہوئے تین افراد کو بدھ کو گرفتار کر لیا۔پولیس نے حزب المجاہدین سے وابستہ ان تین افردا کو بیمنا علاقے سے چیکنگ کے دوران حراست میں لیا،تینوں اشخاص جموں ڈویژن کے کشتواڑ ضلع کے رہنے والے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جنوبی علاقے کے رہائشی ریاض احمد وانی اور اخلاق احمد کھانڈے کو اور کشتواڑ قصبے کے رہائشی توصیف الحق نبی کو حراست میں لیا ہے۔پولیس ذرائع نے کہا کہ حراست میں لئے گئے افراد کے قبضے سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے،برآمد کئے گئے ہتھیار اور گولہ بارود میں چین میں تعمیر دو پستول، پستول میں 20راوڈ، 4گرنیڈ، ایک وائر لیس سیٹ اور دھماکہ خیز مواد کا ایک پیکٹ شامل ہے۔ذرائع کے مطابق حراست میں لئے گئے افراد جموں ڈویژن میں بدنام کمانڈر جہانگیر سروری کے ساتھ کام کرتے تھے۔سروری حزب المجاہدین کا جموں ڈویژن کا آپریشنل چیف ہے۔وہ گزشتہ کافی عرصے سے این آئی اے کی نظر سے بچ رہا ہے اور اس پر دہلی بم دھماکوں میں بھی ہاتھ ہونے کا الزام ہے جس میں 15لوگ مارے گئے تھے اور 80افراد زخمی ہو گئے تھے۔