نئی دہلی، 9 /دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا) حکومت نے آج کہا کہ کیش لیس لین دین کو فروغ دینے کے مقصد سے متعدد قدم اٹھائے گئے ہیں جن میں ڈیبٹ کارڈوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو فروغ دینا، ضروری ادائیگی چیک کے ذریعہ کرنا اور الیکٹرانک ذرائع کے استعمال کو فروغ دینا شامل ہے۔لوک سبھا میں آلوک سنجر کے سوال کے تحریری جواب میں وزیرمملکت برائے خزانہ ارجن رام میگھوال نے کہا کہ بڑی قیمت کے پرانے بینک نوٹوں کو بند کرنے کے بعد عوام کی پریشانیوں کو کم کرنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا نے ٹیلی فون ہیلپ لائن شروع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ کیش لیس لین دین کو فروغ د ینے کے لیے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن میں ڈیبٹ کارڈوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو فروغ دینے کے لیے 31/دسمبر 2016تک ایم ڈی آر چارج معاف کرنا، بینکنگ اور ادائیگی سے متعلق لین دین کے لیے ٹرائی کی طرف سے یوایس ایس ڈ ی چارجوں کو موجودہ 1.50روپے فی سیشن سے کم کر کے 0.50روپے فی سیشن کرنا شامل ہے۔میگھوال نے کہا کہ اس کے علاوہ ضروریات کی ادائیگی چیک سے کرنے اور الیکٹرانک ذرائع کے استعمال کو فروغ دینے کی بھی پہل کی گئی ہے۔