مدینہ منور ہ میں بم دھماکہ کی مذمت :ڈاکٹرقمرالاسلام
گلبرگہ9جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ممتازقومی رہنما ڈاکٹر الحاج قمرالاسلام صاحب سابق وزیر حکومت کرناٹک ،سابق ممبر لوک سبھا گلبرگہ ،ایم ایل اے گلبرگہ شمال نے مدینہ منورہ میں پیش آئے افسوسناک بم دھماکہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی پرواویلا مچانے والے خود دہشت گردی کو فروغ دینے کے لئے ذمہ دار ہیں۔ الحاج قمرالاسلام صاحب کل عید الفطر کے موقع پر محمدی عیدگاہ قمرآباد ہاگرگہ گلبرگہ میں مسلمانوں کے سب سے بڑے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔الحاج قمرالاسلام صاحب نے مزید کہاکہ ہتھیاروں کے تاجر ،قیام امن کے نام پر ہتھیاروں کی تجارت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پہلے کسی ملک میں دہشت گردی کا ماحول پیدا کیا جاتا ہے پھر دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے نام پر اس ملک پرحملہ کیاجاتاہے۔اسلامی ممالک کی تباہی وبربادی کے پیچھے یہی فسطائی صیہونی ذہنیت کام کررہی ہے۔الحاج قمرالاسلام نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں دہشت گر دی پھیلانے کے لئے دہشت گر د تنظیموں کوتیار کیا جارہا ہے تاکہ ہتھیاروں کاکاروبار خوب چلے ،انہوں نے مزید کہاکہ آج کی ترقی یافتہ اور مہذب دنیا میں امن کے علمبردار ہی قتل و غارتگری کے سوداگر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ مدینہ منورہ سے عالم اسلام میں زبردست بے چینی پائی جارہی ہے۔ الحاج قمر الاسلام نے مزید کہاکہ اللہ تعالی نے اُمت محمدیہ پر ایسے خاص انعامات واحسانات کئے ہیں جو اگلی امتوں کے حصہ میں نہیں آئے ۔رمضان ،شب قدر،عیدالفطر،عیدالاضحی نیکیوں کے ایسے موسم ہیں جن میں مسلمانوں کو نیکیاں کرنے کے بھرپور مواقع حاصل ہیں۔ڈاکٹرمحمداصغر چلبل صدر نشین بیت الحجاج و محمدی عیدگاہ قمرآباد نے کہاکہ آج عالمی سطح پر مسلمانوں کے خلاف جوسازشیں ہورہی ہیں ،ان کا تقاضہ ہے کہ عالم اسلام متحد ہوجائے خصوصا اسلامی ممالک کو اپنے مفادات و اختلافات پس پشت ڈالتے ہوئے اسلام دشمن قوتوں سے مقابلہ کیلئے صف آراء ہونے کی ضرورت ہے۔