ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / دہلی میونسپل کارپوریشن کی تاریخ کا اعلان ، ووٹنگ 22اپریل کو

دہلی میونسپل کارپوریشن کی تاریخ کا اعلان ، ووٹنگ 22اپریل کو

Wed, 15 Mar 2017 11:36:28  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 14؍مارچ(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )دہلی کے تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے لیے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا ہے ، یہ الیکشن 22؍اپریل کو ہو گا ۔دہلی ریاستی الیکشن کمیشن نے آج اس کا اعلان کیا۔ریاستی الیکشن کمشنر ایس کے شریواستو نے یہاں پریس کانفرنس میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے انتخابات کے پروگرام پر چل رہی قیاس آرائی پر بریک لگا دیا۔اس الیکشن میں اہم مقابلہ بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان ہو گا۔انہوں نے کہاکہ دہلی میں تینوں میونسپل کارپوریشنوں کے انتخابات 22؍اپریل کو ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 25؍اپریل کو ہوگی۔شریواستو نے بتایا کہ پرچہ نامزدگی کا عمل 27؍مارچ سے شروع ہوگا اور 3 ؍اپریل تک پرچہ نامزدگی داخل کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ پرچہ نامزدگی کی جانچ 5 ؍اپریل کو ہوگی اور نام واپسی لینے کی آخری تاریخ 8 ؍اپریل ہوگی۔الیکشن کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ ایک امیدوار کے اخراجات کی حد کو 5 لاکھ روپے سے بڑھا کر پونے 6 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں(ای وی ایم)کو لے کر اعتراض درج کرایا ہے اور کارپوریشن انتخابات میں بیلٹ پیپر کے استعمال کئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔کیجریوال کے اس مطالبے کے بارے میں پوچھے جانے پر شریواستو نے کہاکہ ای وی ایم سے ووٹنگ بہت محفوظ ہے، اور اگر انتخابات بیلٹ پیپر سے کرانے ہوں تو کچھ قوانین میں تبدیلی کرنی ہو گی ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ای وی ایم کے استعمال کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہی انتخابات کی تیاریاں شروع کی ہیں، تاریخوں کا اعلان اسی حساب سے کیا گیا ہے ۔کیجریوال نے پہلے چیف سکریٹری کو ہدایت دی تھی کہ وہ ریاستی الیکشن دفتر سے ایم سی ڈی کے انتخابات بیلٹ پیپر سے کرانے کے لیے کہیں۔شریواستو نے کہاکہ ہم نے اس پر حکومت کو اپنا جواب بھیج دیا ہے ۔غورطلب ہے کہ دہلی میونسپل کارپوریشن کو 2012میں تین حصوں میں تقسیم کر دیا گیا تھا، جن میں شمالی دہلی میونسپل کارپوریشن(این ڈی ایم سی) جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن(ایس ڈی ایم سی )اورمشرقی دہلی میونسپل کارپوریشن(ای ڈی ایم سی )ہیں۔بی جے پی 2007سے تینوں میونسپل کارپوریشنوں پرقابض ہے۔ گزشتہ میونسپل کارپوریشن انتخابات2012میں ہوئے تھے۔


Share: