ادے پور،29اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں حالیہ دنوں آئے سیلاب کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے راجستھان کے سیلاب متاثرین کو بھروسہ دیا کہ مرکزی حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔مودی آج کھیل گاؤں منصوبوں کے اجراء اور سنگ بنیاد پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ میں سیلاب متاثرین کو یقین دلاتا ہوں کہ بحران کی اس گھڑی میں مرکزی حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر وقت کھڑی ایسے ہی کھڑی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ راجستھان حکومت نے سیلاب سے ہوئے نقصان کااندازہ حکومت ہند کودیا ہے اور مرکزی حکومت کا اعلی سطحی وفد سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ بحران سے باہر نکلنے کی ضرورت ہے اور ایک نئے اعتماد کے ساتھ آگے آناہوگا۔