جگراؤن/پنجاب:11/دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج الزام لگایا کہ ستلج- جمنا لنک نہر معاملے پر شرومنی اکالی دل اور کانگریس لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔کیجریوال نے کہا کہ اکالی دل اور کانگریس دونوں ہی ستلج -جمنا لنک نہر کی تعمیر کے لیے ذمہ دار ہیں اور پنجاب کے لوگوں کو گمراہ کرنے کے لیے گھڑیالی آنسو بہا رہی ہیں۔آپ لیڈر نے کہاکہ پنجاب کے وزیر اعلی کے طور پر پرکاش سنگھ بادل نے 1978میں ستلج- جمنا لنک نہر کے لیے زمینیں حاصل کی اور اب 2016میں اس سلسلے میں تجویز منظور کرکے پنجاب کے پانی کو لے کر مسیحا بننے کی کوشش کر رہے ہیں،انہیں ضرور صاف کرنا چاہیے کہ وہ 1978میں غلط تھے یا اب 2016میں غلط ہیں۔کیجریوال نے کہا کہ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ستلج -جمنا لنک نہر کے سلسلے میں ایک سمجھوتے پر دستخط کیا تھا اور پنجاب کانگریس کے چیف کیپٹن امریندر سنگھ کے ساتھ تعمیراتی کام شروع کیا تھا۔
آپ لیڈر نے کہا کہ اس وقت پنجاب کانگریس نے بھی اس قدم کا خیر مقدم کیا تھا۔کیجریوال نے الزام لگایا کہ اقتدار کے لیے بادل اور امریندر میں ساز باز ہے۔انہوں نے کہاکہ بادل اور امریندر ستلج -جمنا لنک نہر کے مسئلے سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔اکالی-بی جے پی پنجاب میں اتحادی ہیں اور وہی اتحاد مرکز اور ہریانہ میں ہے، لیکن دہلی، ہریانہ اور پنجاب میں ان کے لیڈران ستلج -جمنا لنک نہر کے معاملے پر الگ الگ بیان دے رہے ہیں۔آپ لیڈر نے کہا کہ اگر اکالی- بی جے پی مسئلے کو حل کرنا چاہتیں، تو وہ بہت پہلے کر سکتی تھیں، لیکن ان کی نیت مسئلے کو سیاسی رنگ دینے کی ہے کیونکہ پنجاب الیکشن قریب ہے۔کیجریوال نے کہا کہ صرف عام آدمی پارٹی ہی پنجاب کے پانی کی حفاظت کر سکتی ہے۔انہوں نے پروگریسو ڈیری فارمرس ایسوسی ایشن کے سالانہ مویشی میلے میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ حکومت کے قیام کے بعد مویشی پروری پنجاب سے بے روزگاری دور کرنے والا ایک اہم پیشہ بنے گا۔