کوربا؍چھتیس گڑھ ، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )چھتیس گڑھ کے کوربا ضلع میں واقع ایک سرکاری ہائر سیکنڈری اسکول کی طالبات نے ایک استاد پر ہراسان کرنے اور نازیبا زبان کا استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔اس کے بعد حکام نے اس سلسلے میں جانچ شروع کر دی ہے۔چھری نگر پنچایت میں واقع ہائر سیکنڈری اسکول کی تقریبا 15-20طالبات کل یہاں سے تقریبا 22کلو میٹر دور چھری سے شکایت درج کرانے کے لیے اپنے والدین کے ساتھ کلکٹریٹ پہنچیں۔طالبات نے اپنی شکایت میں الزام لگایا ہے کہ فزیکس کے استاد کلاس میں ان کو ہراساں کرتے ہیں اور نازیبا زبان کا استعمال کرتے ہیں۔کوربا کے کلکٹر پی دیانند نے آج کہا کہ طالبات کی طرف سے شکایت ملی ہے جنہوں نے اپنے ایک استاد پر الزام لگائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاملہ سنگین ہے اور اگر تحقیقات کے بعد طالبات کی طرف لگائے گئے الزامات صحیح پائے گئے تو ملزم کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔استاد پر طالبات کے ساتھ بدسلوکی کرنے کا بھی الزام ہے۔شکایت میں کہا گیا ہے کہ طالبات نے مسئلے کے بارے میں پرنسپل کو مطلع کیا تھا لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے یہ بھی دعوی کیا کہ استاد کو سیاسی حمایت حاصل ہے۔طالبات کے والدین نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں استاد سے ڈر ہے اور وہ اس وقت تک اپنے بچوں کو اسکول نہیں بھیجیں گے جب تک کہ اس کے خلاف سخت کارروائی نہیں ہوتی۔