کمٹہ 29؍مارچ (ایس او نیوز) یہاں سے قریب سنتے گدّے نامی علاقے میں کے ایس آر ٹی سی بس کی ہاوسنگ کٹ جانے سے بس آگے بڑھنے کے قابل نہ رہی اوربیچ سڑک پر کھڑی ہوگئی۔ اس کے نتیجے میں مسافر بے بس ہوکر رہ گئے مگر سب کے چہروں پر سکون اس بات کا تھا کہ کسی کو بھی جان و مال کا نقصان نہیں ہوا۔
تفصیل کے مطابق یہ بس کمٹہ سے برہمور کے لئے جارہی تھی ۔ جب وہ سنتے گدّے کے قریب پہنچی تواس کی ہاوسنگ کٹ ہوگئی۔ بس کے پیچھے موٹر سائیکل سوار بھی تھے، مگر اس حادثہ سے انہیں بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔مسافروں نے اس بات پر ناراضی جتائی کہ دیہی علاقوں میںآمد ورفت کے لئے استعمال ہونے والی بسوں کو ٹھیک ٹھاک حالت میں رکھا نہیں جاتا اور ان کی مرمت کی طرف دھیان نہیں دیا جاتا۔ انہوں نے کمٹہ بس ڈپو منیجر نند کمار کے خلاف اپنی برہمی کا اظہار کیاکہ دیہاتوں کی طرف گجری بسوں کو روانہ کیا جاتا ہے۔اور اس طرح مسافروں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مسافروں نے مطالبہ کیا کہ اس طرف اعلیٰ افسران دھیان دیتے ہوئے مسافروں کے جان ومال سے کھیلنے کا سلسلہ بند کریں۔اے پی ایم سی کے صدردھیرو شانبھاگ نے کہا کہ ہیگڈے کی طرف آنے جانے والی بسوں کا حال بھی اسی طرح کا ہے ۔بسوں کے رکھ رکھاؤ پر پیسہ صحیح طور پر خرچ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے مانگ کی کہ مقامی ایم ایل اے اس طرف توجہ دیں اور دیہی علاقوں میں نئے بس بھیجنے کا انتظام کروائیں۔