جالندھر، یکم دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) نکودر نواں شہر -جالندھر ڈی ایم یو ٹرین آج علی الصباح جالندھر سٹی ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم پر اسٹاپر کو توڑتے ہوئے پلیٹ فارم نمبر پانچ سے ٹکرا گئی، تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور صرف پلیٹ فارم کو نقصان پہنچا ہے۔سرکاری ریلوے پولیس کے ذرائع نے بتایا کہ آج علی الصباح دو بجے کے بعد نکودر نواں شہر ڈی ایم یو ٹرین کو سٹی اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر پانچ پر لایا جا رہا تھا،اس دوران مبینہ طور پر وقت پر بریک نہیں لگ سکا،جس کی وجہ سے گاڑی لکڑی کے ا سٹاپر کو توڑتے ہوئے پلیٹ فارم سے ٹکرا گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ میں پلیٹ فارم کو نقصان ہوا ہے، حادثے کے دوران نہ تو پلیٹ فارم پر اور نہ ہی ٹرین میں کوئی مسافر سوار تھا۔ایک سوال کے جواب میں جی آر پی نے بتایا کہ بریک نہیں لگنے میں ڈرائیور کی غلطی ہے یا کوئی تکنیکی خرابی، یہ جانچ کا موضوع ہے اور اس کے بارے میں ریل انتظامیہ ہی بتا پائے گا۔