اسلام آباد،5ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)نیب پراسیکیوشن ونگ نے شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف ریفرنسز کلیئر قرار دے کر آپریشنز ونگ کو بھجوادیے ہیں جہاں سے یہ ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔تفصیلات کے مطابق کچھ روز پہلے نیب راولپنڈی اور نیب لاہور نے شریف خاندان اسحاق ڈار کے خلاف 4ریفرنس تیار کرکے نیب ہیڈ کوارٹرز ارسال کیے تھے۔ شریف خاندان کے خلاف ایوین فیلڈاپارٹمنٹس، عزیزیہ سٹیل ملزاور 16 آف شورکمپنیوں کے ریفرنسزتیار کیے گئے تھے جبکہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائداثاثوں کاریفرنس نیب ہیڈ کوارٹر بھجوایا گیا تھا۔نیب پراسیکیوشن ونگ نے جائزہ لینے کے بعد چاروں ریفرنسز نیب آپریشن ونگ کو ارسال کردیے ہیں۔ آپریشن ونگ کل(بدھ کو)چاروں ریفرنسز نیب ایگزیکٹو بورڈ کے سامنے رکھے گا جو ان کی منظوری دے گا۔ جس کے بعد پرسوں (جمعرات کو)ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے جائیں گے۔