ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / فضائی حادثے میں کھلاڑیوں کی موت پر فٹ بال دنیا سوگوار

فضائی حادثے میں کھلاڑیوں کی موت پر فٹ بال دنیا سوگوار

Wed, 30 Nov 2016 21:05:38  SO Admin   S.O. News Service

بوگاٹا،30نومبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)برازیل کی ایک فٹ بال ٹیم کو کولمبیا لے جانے والے خصوصی طیارے کے حادثے میں حکام نے 71ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جب کہ اس کے قبل یہ تعداد 76بتائی گئی تھی۔یہ طیارہ بولیویا سے کولمبیا کے شہر میڈیلن جا رہا تھا کہ پیر کو دیر گئے منزل سے کچھ دیر ہی ایک پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ جہاز پر 81افراد سوار تھے۔زندہ بچ جانے والوں میں فٹ بال کلب کے تین ارکان، ایک صحافی اور جہاز کے عملے کے دو ارکان شامل ہیں۔فٹ بال ٹیم کے گول کیپر مارکوس ڈنیلو بھی اس حادثے میں زخمی ہوئے تھے لیکن جب انھیں اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تو وہ دم توڑ گئے۔کولمبیا کے محکمہ ہوائی بازی کے سربراہ الفرڈوبوکانیگراکا کہنا ہے کہ حکام طیارے میں برقی نظام میں خرابی پر توجہ دے رہے ہیں لیکن اس امکان کو بھی رد نہیں کیاجاسکتاہے کہ طیارے میں ایندھن ختم ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔شافاکوونس فٹ بال کلب کے بورڈ کے رکن پلینیو ڈی نیس کے مطابق ٹیم کے ہیڈکوارٹر میں حادثے کے شکار ہونے والوں کے لواحقین کے لیے مرکزقائم کردیاگیاہے۔صحافیوں سے گفتگومیں انھوں نے کہا کہ تمام کھلاڑی میڈیلن میں ہونے والے میچ کے لیے بہت پرجوش تھے اور انھوں نے مجھے بتایا کہ یہ ان کے لیے ایک خواب کے سچ ہونے جیسا ہے۔ ہم نے اس ٹیم کے ساتھ بہت کمال وقت گزارا، لیکن خواب اب ختم ہو گیا ہے۔جہاز پر 20صحافی بھی سوار تھے جو کہ کوپا سوڈامریکانا کو بدھ کو ہونے والے میچ کی کوریج کے لیے جا رہے تھے۔ان میں مختلف صحافتی اداروں بشمول فاکس اسپورٹس برازیل کے صحافی شامل تھے۔برازیل کے صدرمائیکل تمر کا کہنا ہے حکام کو حادثے کا شکار ہونے والی ٹیم کے لواحقین کو ہر طرح کی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ ان کے بقول حکومت اس سانحے سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔طیارے کے حادثے کے بعد جنوبی امریکہ کی فٹ بال فیڈریشن نے تاحکم ثانی اپنی تمام سرگرمیاں معطل کر دی ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی دنیا بھر سے فٹ بال کے کھلاڑی اور شائقین اس حادثے پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔برازیل کے مایہ ناز فٹ بالر پیلے نے ٹوئٹرپرکہاکہ برازیلین فٹ بال سوگ میں ہے۔ یہ انتہائی افسوس ناک نقصان ہے۔ میں تمام مرنے والوں کے لیے دعاء گوہیں اور میری دعائیں ان کے لواحقین کے لیے۔برطانیہ کا مشہور زمانہ فٹبال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ نے بھی اس واقعے پر دکھ کا اظہار کیا جب کہ ریال میڈرڈ کلب نے اپنی مشق ختم کر کے مرنے والوں کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی۔ارجنٹائن کے ماضی کے شہرہ آفاق فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا نے بھی اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔


Share: