ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / فلسطینی دھڑوں میں مصر کی ثالثی میں مذاکرات

فلسطینی دھڑوں میں مصر کی ثالثی میں مذاکرات

Mon, 08 Feb 2021 18:06:14  SO Admin   S.O. News Service

قاہرہ،8 فروری (آئی این ایس انڈیا)مصر کی ثالثی میں آج سوموار کو فلسطینی دھڑوں میں مصالحت اور فلسطین میں انتخابات کے معاملے پر بات چیت ہو رہی ہے۔

قاہرہ میں ‌ہونے والے مذاکرات میں فلسطینی دھڑوں میں مصالحت کے عمل کو آگے بڑھانے اور انتخابات کے میکانزم کو کامیاب بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

فلسطینی تنظیموں تحریک فتح، اسلامی تحریک مزاحمت 'حماس' اور دوسری جماعتوں کے وفود کل اتوار کی شام قاہرہ پہنچے تھے۔

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ قاہرہ میں آنے والے وفود میں حماس کے سیاسی شعبے کے نائب صدر صالح العاروری، غزہ میں حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ یحییٰ السنوار، ڈاکٹر خلیل الحیہ، عزت الرشق، حسام بدران، محمد نزال اور روحی مشتہی شامل ہیں۔

قاہرہ پہنچنے والے وفد میں اسلامی جہاد کا وفد بھی شامل ہے۔ اسلامی جہاد کے وفد کی سربراہ محمد الھندی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر انور ابو طہ، الشیخ نافذ عزام اور خالد البطش شامل ہیں۔

تحریک فتح کے ایک ذمہ دار ذریعے نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ جماعت کا وفد جبریل الرجوب کی قیادت میں قاہرہ پہنچا ہے۔ وفد میں عزام الاحمد، روحی فتوح، احمد حلس اور سمیر الرفاعی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطینی دھڑوں میں ہونے والی بات چیت میں انتخابات کا میکانزم تیار کرنے، فلسطین میں عدلیہ، سیکیورٹی، جمہوری عمل کو آگے بڑھانے اور دیگر امور شامل ہیں۔ قاہرہ میں ہونے والے مذاکرات میں غزہ کی پٹی کے عوام پر اسرائیل کی مسلط کردہ ناکہ بندی کے خاتمے کے لیے لائحہ عمل طے کرنے پر بھی بات چیت کی جائے گی۔ قاہرہ میں مصالحتی بات چیت میں 14 فلسطینی دھڑے حصہ لے رہے ہیں۔ ان گروپوں نے سنہ 2011ء میں قاہرہ مصالحتی معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے۔


Share: