نئی دہلی، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مرکز نے 21سالہ خاتون کے قتل کے بارے میں دہلی پولیس سے رپورٹ طلب کی ہے جسے تعاقب کرنے والے ایک شخص نے دن دہاڑے لڑکی پر 22بار چاقو سے حملہ کیاتھا ۔وزیر داخلہ کرن رجیجو نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم نے واقعہ پر دہلی پولیس کمشنر سے ایک رپورٹ مانگی ہے۔جو بھی ہوا وہ بہت افسوسناک ہے۔شمالی دہلی کے براڑی علاقے میں تعاقب کرنے والے 34سالہ ایک شخص نے 22بار چاقو مار کر 21سالہ ایک لڑکی کو قتل کر دیا جو پیشہ سے ٹیچر تھی۔ملزم کی شناخت سریندر سنگھ کے طور پر کی گئی ہے۔اس نے متاثرہ پر اس وقت حملہ کیا جب وہ صبح نو بجے علاقے سے گزر رہی تھی۔ملزم سریندر سنگھ نے لڑکی کو کھینچا جس سے وہ زمین پر گر گئی۔ملزم نے اس پر لگاتار کئی وار کیا ، اس دوران وہاں سے گزرنے والے موٹر سائیکل سوار اور دوسرے لوگ پورے معاملے کو دیکھتے رہے ۔