قاہرہ،17جنوری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) مصر کے جنوب مغربی علاقے وادی الجدید میں ایک چیک پوسٹ پر تلاشی کے دوران مشتبہ افراد کے حملے میں کم سے کم آٹھ مصری فوجی ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ سوموار کے روز دارالحکومت قاہرہ سے 70کلو میٹر دور وادی الجدید گورنری کے الخارجہ شہر میں اس وقت پیش آیا سیکیورٹی اہلکار ایک چیک پوسٹ پر مشکوک افراد کی تلاشی لے رہے تھے۔
اس دوران گھات لگا کر فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں کم سے کم آٹھ اہلکار ہلاک ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق فوجیوں کی جوابی فائرنگ سے دو حملہ آور بھی مارے گئے۔ کچھ حملہ آور کارروائی کے بعد فرار ہوگئے جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔ آخری اطلاعات تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔