پنجی:3دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)وزیر دفاع منوہر پاریکر نے آج کہا کہ اگر معذورطلبہ کو ہر طرح کی سہولیات مہیا کرائی جائے تو گوا ملک میں پہلے نمبرپر رہنے والی ریاست بن سکتا ہے۔پاریکر نے کہاکہ ہم معذورطلبہ کو سہولیات مہیا کرا رہے ہیں۔اگرہم معذور طلبہ کو100فیصدسہولیات دیں تو ہم(گوا)دعویٰ کر سکتے ہیں کہ ملک میں پہلے نمبر پر رہنے والی ریاست بن جائیں گے۔پوروورم میں ایک تعلیمی ادارے کی جانب سے معذورطلبہ کیلئے منعقد کئے گئے پروگرام میں پاریکر نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ معذور لوگوں کیلئے جس طرح تعلیمی سہولیات تیار کی جا رہی ہیں، گوا گریجویشن تک100فیصد سہولیات دینے والی پہلی ریاست ہوگی۔میں نے اس طرح کی سہولت ملک میں کہیں نہیں دیکھی۔وزیردفاع نے کہاکہ میں نے دفاعی افواج میں ایسی سہولیات دیکھی ہیں، جب زخمی ہونے کی وجہ سے فوجی معذور ہو جاتے ہیں اور کچھ چیزیں خودسے نہیں کرپاتے۔وہاں میں نے سائنسی طور پر انتہائی تربیت یافتہ دیکھاہے۔