ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مودی آج رودرپور میں ریلی سے خطاب کریں گے 

مودی آج رودرپور میں ریلی سے خطاب کریں گے 

Thu, 28 Mar 2019 01:19:11  SO Admin   S.O. News Service

دہرادون :27 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)  اتراکھنڈ کی پانچوں لوک سبھا سیٹوں پر پہلے مرحلے میں 11 اپریل کو ہونے والے انتخابات سے قبل بی جے پی کے حق میں ماحول سازی کیلئے وزیر اعظم نریندر مودی کل اودھم سنگھ نگر ضلع کے رودر پور میں ایک ریلی کریں گے۔ یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد ریاستی بی جے پی کے ایگزیکٹو چیئرمین نریش بنسل نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کا ریلی سے صبح 11 بجے خطاب کرنے کا پروگرام ہے۔ صوبائی صدر اجے بھٹ کے نینی تال لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑنے میں مصروفیت کی وجہ سے بنسل کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے۔ مودی 14 فروری کو بھی رودرپور میں نام نہاد ’سنکلپ‘ ریلی سے خطاب کرنے والے تھے لیکن موسم خراب ہونے کی وجہ سے وہ ریلی تک نہیں پہنچ پائے تھے اور بعد میں انہوں نے موبائل فون سے لوگوں کو خطاب کیا تھا۔ بنسل نے کہا کہ سینئر بی جے پی لیڈر، رکن اسمبلی اور پارٹی امیدوار بھی کل وزیر اعظم کی ریلی کے دوران موجود رہیں گے۔ اتراکھنڈ کی پانچوں سیٹوں پر دوبارہ قبضہ کرنے کا دعوی کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے کارکنوں سے کہا کہ وہ آرام سے نہ بیٹھیں اور پارٹی امیدواروں کی واضح فرق سے جیت کو یقینی بنانے کے لئے عوامی رابطہ کریں ۔ 


Share: