نئی دہلی :30 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر اس انتخاب میں عوام سے جڑے مسائل سے ’’فرار‘‘کا الزام لگاتے ہوئے ہفتہ کوکہاہے کہ مودی کو ووٹ مانگنے سے پہلے ’وعدہ خلافی‘کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ پارٹی کے سینئر لیڈر آنند شرما نے یہ بھی دعویٰ کیاہے کہ متنازعہ وزیراعظم فوجیوں کی’ قربانی‘ کی سیاست کر رہے ہیں اور عوامی توجہ بھٹکانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن کانگریس انہیں اصل مسائل سے فرار نہیں ہونے دے گی۔ شرما نے نامہ نگاروں سے کہا کہ مودی جی متنازعہ وزیر اعظم ہیں جن باتیں بنانا زیادہ پسند، کام کرنا کم پسند ہے۔ انتخابی مہم میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ وزیر اعظم اصل مسائل سے بھاگ رہے ہیں۔ روزگار کے سوال پر وہ خاموش ہیں۔ کروڑوں روزگار ختم ہوئے تو اس کے لئے ان کی پالیسیاں ذمہ دار ہیں، کسانوں کی بری حالت ہے۔ اس انتخاب میں انہیں روزی روٹی سے جڑے مسائل پر جواب دینا چاہئے۔ ہم نریندر مودی کی جوابدہی طے کریں گے۔شرما نے کہا کہ جوانوں کی ’طاقت‘ اور قربانی کے تناظر میں وزیر اعظم جو بیان دے رہے ہیں اس سے پوری دنیا میں ملک کی ’جگ ہنسائی ‘ہو رہی ہے۔شرما نے سوال کیا کہ اگر مودی جی اتنے ہی مضبوط ہیں تو سامنے آکر جواب کیوں نہیں دیتے؟ اصل مسائل سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟ دوسری پارٹیوں کے لوگوں کو کیوں توڑ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹے وعدوں کی ’سونامی‘ میں ان کو 31 فیصد ووٹ ملے تھے، اس پر حساب دینا ہے۔ بہتر ہے کہ وہ پہلے وعدہ خلافی کے لئے معافی مانگیں ، پھر ووٹ ما نگیں ۔