اندور، 29/نومبر (ایس او نیوز ائ این ایس انڈیا)نریندر مودی حکومت کے نوٹ بند ی کے فیصلے کا کڑوی دوا سے موازنہ کرتے ہوئے بی جے پی کے قریبی مانے جانے والے یوگا گروبابا رام دیو نے آج دعوی کیا کہ 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو چلن سے باہر کرنے کے اقدامات کاملک کی معیشت پر آنے والے دنوں میں اچھا اثر ہوگا۔رام دیو نے یہاں نامہ نگاروں سے کہاکہ نوٹ بند ی سے گرچہ عام لوگوں کو فی الحال کچھ تکلیفیں ہو رہی ہیں،لیکن یہ تھوڑے ہی دنوں کی بات ہے، نوٹ بند ی ملک کی معیشت کے لیے کڑوی دواکی طرح ہے، مستقبل میں اس فیصلے کا معیشت پر اچھا اثر پڑے گا۔یوگا گرو نے یہ بھی دعوی کیا کہ اپوزیشن نے نوٹ بند ی کے معاملے پر بھارت بند کا اعلان کیا،لیکن ملک کے لوگ نوٹ بند ی کی حمایت میں کھڑے ہو گئے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹوں کو بند کرنے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا، وہ اس فیصلے کو لے کر عوام کا اعتماد جیتنے میں بھی کامیاب رہے۔رام دیو نے شیوراج سنگھ چوہان کو مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی کے طور پر مسلسل 11سال پورے کرنے پر مبارکباد بھی دی۔رام دیو نے کہاکہ شیوراج نے وزیر اعلی کے طور پر کسانوں، مزدوروں، دلتوں اور مظلوموں کے مفاد میں اچھا کام کیا ہے، ان کی قیادت میں مدھیہ پردیش نے زراعت، صنعت، صحت، تعلیم وغیرہ کے شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔