ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / ورلڈ الیون کا اعلان، فاف ڈوپلیسی ہوں گے کپتان

ورلڈ الیون کا اعلان، فاف ڈوپلیسی ہوں گے کپتان

Fri, 25 Aug 2017 21:04:38  SO Admin   S.O. News Service

لاہور،25اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے ورلڈالیون میں شامل کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔ فاف ڈوپلیسی کپتان اور اینڈی فلاور کوچ ہوں گے۔پنجاب کے صوبائی دارلحکومت لاہور میں واقع قذافی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ورلڈ الیون ٹیم کا شیڈول اور کھلاڑیوں کے نام جاری کر دیے۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ ورلڈ الیون کی ٹیم سات ملکوں کے چودہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہو گی، جو پاکستانی کرکٹ ٹیم کے خلاف آزادی کپ کے تین ٹی20میچ لاہور میں کھیلے گی۔نجم سیٹھی نے بتایا کہ آئی سی سی کی سیکیورٹی ٹیم رواں سال ستمبر کے پہلے ہفتے میں لاہور کا دورہ کرے گی جبکہ ورلڈ الیون کرکٹ ٹیم لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں بارہ، تیرہ اور پندرہ ستمبر کو تین میچز کھیلے گی۔
چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ ورلڈ الیون ٹیم کی قیادت ساوتھ افریقہ ٹیم کے کپتان فاف ڈو پلیسی کرینگے جبکہ کوچ اینڈی فلاور ہونگے۔نجم سیٹھی کے مطابق دیگر کھلاڑیوں میں ساوتھ افریقہ کے ہاشم آملہ، ساوتھ افریقہ کے مورنے مورکل، ساوتھ افریقہ کے ڈیوڈ ملر اور ساوتھ افریقہ کے ہی عمران طاہر شامل ہوں گے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز سے سیموئیل بدری اور ڈیرن سامی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ آسٹریلیا سے جارج بیلی، بین کٹنگ اور وکٹ کیپر ٹم پائنی بھی ٹیم کا حصہ ہونگے۔ جبکہ سے سری لنکا سے تھسارا پیریرا، بنگلہ دیش سے تمیم اقبال، انگلینڈ سے پاول کالنگ وڈ اور نیوزی لینڈ سے گرانٹ ایلیٹ ورلڈ الیون کی طرف سے کھیلیں گے۔چیئرمین پی سی بی نے بتایا کہ کرکٹ بورڈ کی کوشش ہے کہ عالمی کھلاڑی ملک کے دیگر حصوں میں بھی کھیلیں جس کے لیے پی سی بی کا اگلا ہدف کراچی میں میچ کرانا ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ٹو کا فائنل میچ پاکستان کے شہر لاہور میں کرانے کے مثبت نتائج آ رہے ہیں جس کے باعث بین الاقوامی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے۔
ورلڈ الیون ٹیم کی پاکستان آمد کو فوج نے بھی خوش آئند قرار دیا ہے۔ پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ وہ ورلڈ کرکٹ ٹیم کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستان ورلڈ الیون ٹیم کی میزبانی کے لیے تیار ہے اور پاکسان ایک کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے۔


Share: