چنڈی گڑھ، 8؍مارچ (ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )وزیر اعظم نریندر مودی کے ہارورڈ یونیورسٹی پر طنز کسنے سے یہاں کا ایک طالب علم ناراض ہو گیا ہے۔ناراض طالب علم نے وزیر اعظم کو خط لکھا ہے ۔خط میں لکھا گیا ہے کہ ماہرین اقتصادیات اورمعتبر تعلیمی اداروں کا مذاق اڑانے سے ہندوستان دنیا میں صرف الگ تھلگ پڑے گا، ہارورڈ یونیورسٹی میں پبلک پالیسی میں ایم اے کر رہے چندی گڑھ کے رہائشی پرتیک کنول کے خط کو آن لائن جاری کیا گیا اور یہ انٹرنیٹ پر وائرل ہو گیاہے ۔اس نے خط میں لکھا ہے کہ مودی نے گزشتہ ہفتے جب اتر پردیش میں ایک انتخابی ریلی میں یہ تبصرہ کیا تھا ، تب مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان ہارورڈ یونیورسٹی میں طالب علموں سے خطاب کر رہے تھے اور انہوں نے یونیورسٹی، طلبا سے اپنی حکومت کا تعاون کرنے کو کہاتھا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے تبصرے ان کی طرح کے ہندوستانیوں کو دور کریں گے جو بیرون ملک تعلیم کے بعد وطن لوٹنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ جی ڈی پی کے تازہ اعداد و شمار کے ساتھ مودی نے گزشتہ ہفتے ماہرین اقتصادیات اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر بالواسطہ طنز کسا تھا جنہوں نے کہا تھا کہ مرکز کے نوٹ بند ی کے فیصلے کی وجہ سے شرح نمو کم رہے گی۔غورطلب ہے کہ وزیر اعظم نے کہا تھاکہ نامور ماہرین ، کچھ ہارورڈ سے، کچھ آکسفورڈ سے ، کچھ نے کہا ہے کہ جی ڈی پی میں دو فیصد کی کمی (نوٹ بندی کے بعد) آئے گی جبکہ دیگر نے چار فیصد کی کمی کی بات کہی ہے ، لیکن ملک نے دیکھ لیا کہ ہارورڈ کے لوگ کیا سوچتے ہیں اور سخت محنت کرنے والے لوگ کیا سوچتے ہیں۔
اپنے خط میں کنول نے کہا ہے کہ ہندوستان جیسے تکثیری ملک کی ترقی کے لیے آپ کو ان لوگوں کی مدد کی ضرورت ہے جو الگ نقطہ نظر پیش کرتے ہیں۔ماہرین اقتصادیات اور معتبر تعلیمی اداروں کا مذاق اڑانے سے ہم دنیا میں صرف الگ تھلگ ہی پڑیں گے، خود کو سخت محنت کرنے والا ایک قوم پرست قرار دیتے ہوئے کنول نے کہا کہ ہم ثبوت کی بنیاد پر سیکھنے کے رجحان میں تربیت یافتہ ہیں جو پالیسیوں کو بنانے اور مؤثر طریقے سے لاگو کرنے میں مدد کرتا ہے تاکہ نوٹ بند ی جیسی تباہی سے نمٹا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ اتر پردیش میں یہ تبصرے کر رہے تھے ،تب پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر دھرمیندر پردھان ہمیں ہارورڈ میں خطاب کر رہے تھے اور انہوں نے یونیورسٹی اور طالب علموں سے خصوصی طور پر کہا کہ وہ آپ کی حکومت کا تعاون کریں۔کنول نے یہ دعوی بھی کیا کہ ہارورڈ کے سابق طالب علم مودی کابینہ میں اور پی ایم او میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔