نئی دہلی، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )سری نگر کے ممبر پارلیمنٹ کے طور پر استعفی دینے کا اعلان کرنے والے طارق حمید کرا نے پانچ دنوں بعد بھی اس بارے میں لوک سبھا سکریٹریٹ کو مطلع نہیں کیاہے ۔لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ کرا کی طرف سے ای میل یا خط کے ذریعے کوئی پیغام موصول نہیں ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی لوک سبھا رکن استعفی دینا چاہتا ہے تو اسے دستخط کے ساتھ ایک خط لوک سبھا صدر کو بھیجنا ہوتا ہے۔جموں کشمیر میں پی ڈی پی کے بانی ارکان میں شامل کرا نے 15؍ستمبر کو اعلان کیا تھا کہ انہوں نے لوک سبھا کی رکنیت سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور اگلے دن لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کے دفتر میں اپنا استعفی دے دیں گے۔2014کے لوک سبھا انتخابات میں پی ڈی پی کے ٹکٹ پر سری نگر پارلیمانی حلقہ سے منتخب ہوئے کرا نے سری نگر میں صحافیوں سے کہا تھا کہ انہوں نے مرکز میں بی جے پی کی سخت پالیسیوں اور اس کے سامنے اپنی پارٹی کی حکمرانی والی ریاستی حکومت کی طرف سے پوری طرح ہتھیار ڈالنے دینے کے خلاف احتجاجی طورپر پارٹی اور لوک سبھا سے بھی استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔