نیویارک،17جنوری(آئی این ایس انڈیا) چاند پر قدم رکھنے والے آخری خلاباز جین سرنن 82برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔جین سرنن 1934میں شکاگو میں پیدا ہوئے اور اُنھیں 1963میں خلائی تحقیق کے امریکی ادارے ناسا نے اپنے خلائی مشن کے لیے منتخب کیا تھا۔وہ دو بار چاند کے سفر پر گئے، 1969میں جب وہ پہلی مرتبہ اپالو مشن میں شامل ہوئے تو اس مشن نے چاند کی سطح سے 50ہزار فٹ دوری تک پرواز کی۔تین سال بعد اپالو 17نامی مشن نے ایک مرتبہ پھر چاند کا سفر کیا اور جین سرنن اس مشن کے کمانڈر تھے اور اُنھوں نے تین دن چاند کی سطح پر گزارے۔جین سرنن کے بعد کوئی بھی شخص چاند کی سطح پر نہیں اترا۔
اُن کا انتقال پیر کو ہیوسٹن اسپتال میں ہوا، جہاں وہ صحت کے مختلف مسائل کے سبب زیر علاج تھے۔ناسا نے اُن کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔جین سرنن نیوی کے پائلٹ تھے اور اکتوبر 1963میں جب اُنھیں ناسا کے مشن کے لیے منتخب کیا گیا تو اُنھوں نے ایروناٹیکل انجینئرنگ میں ماسٹر ڈگری حاصل کی تھی۔
وہ چاند سے واپسی کے تین سال بعد ناسا سے ریٹائرڈ ہو گئے اور پھر ہیوسٹن میں ایک انرجی کمپنی کے ساتھ کام شروع کیا، بعد ازاں 1981میں اپنی ایک ایرو اسپیس کنسلٹینسی کمپنی بنائی۔اُن کے زندگی کے بارے میں ایک دستاویزی فلم لاسٹ مین آن دی مون 2016میں ریلیز ہوئی تھی