چنئی، 8 /دسمبر(ایس او نیوز /آئی این ایس انڈیا) محکمہ انکم ٹیکس نے نوٹ بند ی کے بعد، ٹیکس چھپانے کے معاملوں کی جانچ کے سلسلے میں کئی جگہ چھاپہ مارکر 73کروڑ روپے نقد اور 100کلو گرام سونے کی چھڑیں برآمد کئے ہیں، اس میں 8 کروڑ روپے کے نئے نوٹ بھی شامل ہیں۔حکام نے کہا کہ محکمہ نے ٹیکس قانون کے تحت برآمد املاک کے جائزے اور ضبطی کے عمل کے لیے اضافی ملازمین، آڈیٹروں؟، گنتی کے لیے مشینیں اور بینک ملازمین کو بلایا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیموں نے نقد تبدیل کرنے میں ملوث گروہوں کے کم از کم پانچ ٹھکانوں پر مہم چلائی اور نئے نوٹوں میں 8 کروڑ روپے، پرانے نوٹوں میں 65کروڑ روپے اور ایک ایک کلو کی 100سونے کی چھڑیں برآمد کیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکس افسر مالی لین دین، سونے کی فروختگی کے اندراج اور خرید و فروخت کے ریکارڈ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مبینہ گروہ کے کم از کم تین لوگوں سے محکمہ انکم ٹیکس کے افسران پوچھ گچھ کر رہے ہیں، مہم اب بھی جاری ہے۔