نئی دہلی، یکم جون؍(ایس اونیوزْ آئی این ایس انڈیا)راہل گاندھی کے جلد کانگریس صدر بننے کو لے کر آج قیاس آرائیاں تیز ہو گئیں لیکن پارٹی نے مستقبل قریب میں اس طرح کے امکان کو مسترد کر دیا وہیں سونیا گاندھی بھی اس مسئلے پر خاموشی سادھے رہیں۔رائے بریلی کے دورے پر گئیں سونیا سے ان خبروں کے بارے میں پوچھا گیا تھا کہ کانگریس کے لوگ راہل کو صدر بنتے دیکھنا چاہتے ہیں،اس پرسونیا نے میڈیا کو کوئی جواب نہیں دیا اور ان کی گاڑی میں بیٹھ گئیں۔پارٹی ترجمان سشمیتا دیو نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم قومی پارٹی ہیں۔کچھ طریقہ کارہوتے ہیں۔جب سونیا گاندھی اورراہل گاندھی کی بات آتی ہے تو ہم پورے دل سے(ان کی قیادت کو)قبول کرتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم سب چاہتے ہیں کہ راہل کمان سنبھالیں۔اورجب بھی یہ ہوگا تو ہم مناسب بیان جاری کریں گے۔راہل گاندھی کے مستقبل قریب میں صدر بننے اور پرینکا گاندھی کے اترپردیش میں سرگرم ہونے کے امکانات کے سوالات پر جواب دیتے ہوئے سشمیتا نے کہاکہ قیاس لگانا میڈیا کا استحقاق ہے ۔چندی گڑھ میں پنجاب کانگریس کے صدر کیپٹن امریندر سنگھ نے آج کہا کہ یہ صحیح وقت ہے کہ راہل گاندھی کانگریس صدر کے طور پر اپنی ماں سونیا گاندھی سے کمان اپنے ہاتھ میں لیں۔انہں نے پرینکا کے سرگرم سیاست میں آنے کی وکالت کی۔پارٹی میں ایک طبقے کو لگتا ہے کہ سونیا کو پارٹی صدر بنے رہنا چاہئے، وہیں ایک دوسراطبقہ مانتا ہے کہ راہل جتنا جلدی کمان سنبھال لیں، اتنا بہتر ہے۔ے رام رمیش جیسے لیڈر پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ2016میں راہل پارٹی صدر ہوں گے۔بحث چل رہی ہے کہ اس ماہ منعقد ہونے والی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ میں حال ہی میں چارریاستوں میں اسمبلی انتخابات کی شکست کے بعد بنے حالات پر تفصیل سے بحث ہوگی۔ایک چنتن کیمپ منعقد کرنے کی بھی بات چل رہی ہے۔