ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / اسپورٹس / کرکٹ کے نئے قوانین تیار،نفاذ یکم اکتوبر سے

کرکٹ کے نئے قوانین تیار،نفاذ یکم اکتوبر سے

Wed, 12 Apr 2017 18:54:29  SO Admin   S.O. News Service

دبئی،12اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)کرکٹ کے قوانین وضع کرنے والے مارلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے تصدیق کی ہے کہ یکم اکتوبر سے کچھ قوانین میں تبدیلی کا اطلاق ہو گا جن میں برے برتاؤ پر کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجنا بھی شامل ہے۔کھلاڑیوں کے برتاؤ' نامی قانون کے تحت امپائر کو کئی اختیارات دیے گئے ہیں جن میں رنز کا جرمانہ اور میچ سے کھلاڑی کو باہر نکال دینا شامل ہیں۔نئے قوانین کے تحت بلے کے سائز پر پابندی ہو گی اور بیلز کو وکٹوں سے جوڑ دینے کی اجازت ہو گی تاکہ گیند لگنے پر اڑتی ہوئی بیلز سے چوٹ نہ لگے۔ایم سی سی نے بیٹسمین کی جانب سے ’ہینڈلڈ دی بال‘ کے قانون کو ختم کر دیا ہے اور اس وجہ سے آؤٹ ہونے کو فیلڈنگ میں رکاوٹ کے قانون میں ضم کر دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ اب نان سٹرائیکر اینڈ پر کھلاڑی کریز میں ایک بار بلا رکھنے کے بعد رن آؤٹ نہیں کیا جا سکے گا جبکہ متبادل کھلاڑی کو وکٹ کیپنگ کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔مارلیبون کرکٹ کلب کے مطابق قوانین اس طرح لکھے جا رہے ہیں جن میں صنفی امتیاز نہ ہو۔اس نئے طریقے سے لکھے جانے والے قوانین میں اگرچہ بیٹسمین اور تھرڈ مین کی اصلاحات رکھی ہوئی ہیں لیکن قوانین میں ماضی میں استعمال کیے جانے والا لفظ 'ہی' (He) کا استعمال نہیں کیا گیا۔ایم سی سی کے قوانین کے مینیجر فریزر سٹیورٹ کا کہنا ہے 'ایم سی سی نے قوانین مرتب کرنے کے لیے تحقیق کی ہے تاکہ یہ قوانین کھلاڑیوں، امپائرز اور شائقین کے لیے آسان ہوں۔انھوں نے مزید کہا 'ان قوانین کا اطلاق دنیا بھر میں ہو گا اس لیے ضروری ہے کہ یہ قوانین سمجھنے کے لیے آسان ہوں۔


Share: