ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گجرات انتخابات کے آخری گھنٹے میں بھاری گڑبڑی ہوئی:کانگریس

گجرات انتخابات کے آخری گھنٹے میں بھاری گڑبڑی ہوئی:کانگریس

Tue, 13 Dec 2022 11:13:29  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 13؍ دسمبر (ایس او نیوز؍یو این آئی) کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ کے آخری گھنٹے کی ووٹنگ میں بھاری گڑبڑی ہوئی ہے، اس دوران اتنے زیادہ ووٹ ڈالے گئے جو انسان کیلئے کہیں بھی کسی طرح سے ممکن ہی نہیں ہے۔

پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں کانگریس میڈیا سیل کے انچارج پون کھیڑا نے کہا کہ گجرات اسمبلی انتخابات میں زبردست گڑبڑی ہوئی اور اسی گڑبڑی کی وجہ سے بی جے پی کو وہاں بڑی کامیابی ملی۔

گجرات میں دو مرحلوں میں ووٹنگ ہوئی اور شام پانچ سے چھ بجے کے درمیان دوسرے مرحلے کی پولنگ میں زبردست گھپلہ ہوا۔۔ ایک گھنٹے کے دوران 16 لاکھ سے زیادہ ووٹرز نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تو بعض مقامات پر ایک منٹ میں دو ووٹ ڈالے گئے جوانسان کیلئے ممکن ہی نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم تمام سیٹوں پر پولنگ کا تجزیہ کر رہے ہیں۔ ہم نے اپنے تمام امیدواروں سے بھی معلومات مانگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی حلقوں میں ایک گھنٹے کے اندر 11 فیصد یا اس سے زیادہ پولنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ انسانی طور پر یہ ممکن نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک ووٹ 25 سے 30 سیکنڈ میں ڈالا گیا اور ایک منٹ میں دو ووٹ ڈالے گئے جو ممکن ہی نہیں ہے۔

کانگریس لیڈر نے کہا کہ ان تمام گھپلوں کی جانچ کی جائے گی اور پارٹی کو طے کرنا ہے کہ کس دروازے پر جا کر اپنی بات کرنی ہے۔ اس بارے میں فیصلہ کرنا ہوگا اور جمہوریت کو بچانے کیلئے جہاں بھی جانا پڑے، ہمیں جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کانگریس اس شکایت کو لے کر پہلے بھی کئی بار الیکشن کمیشن گئی تھی، لیکن وہاں انصاف نہیں ملتا ہے، اس لیے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ انصاف کیلئے کس دروازے کو کھٹکھٹانا ہے۔


Share: