احمد آباد، 5؍دسمبر (ایس او نیوز؍ایجنسی) گجرات الیکشن کا آج فائنل ہے۔دوسرے مرحلے کی 93سیٹوں پرپولنگ کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔سخت حفاظتی بندوبست کیا گیا ہے ۔یکم دسمبر کوپہلے مرحلے میں ہونے والی ووٹنگ کوپیش نظررکھتے ہوئے سیاسی جماعتوں کی نگاہیں ایک ایک ووٹر پرہیں ۔اس مرحلے میں جہاں بی جے پی کے لئے شہری علاقوں کے رائے دہندگان کی ناراضگی پریشانی کا سبب ہے وہیں کئی اہم لیڈر اس مرحلے میں میدان میں ہیں۔ ان میںوزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ پٹیل اور ان کی کابینہ کے چند اہم چہرے ، کانگریس سے بی جے پی میں آنے والے ہاردک پٹیل ، الیپش ٹھاکر اور کانگریس کا نوجوان دلت چہرہ جگنیش میوانی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ اس مرحلے میں گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد میں بھی پولنگ ہو گی۔
دوسرے مرحلے کی ۹۳؍سیٹوںمیںسے ۵۱؍سیٹیں بی جے پی کے پاس ہیں اور۴۰؍کانگریس کے پاس جبکہ 2سیٹیں ٹرائبل پارٹی (چھوٹو وساوا)کے حصے میں تھیں۔ اس اعتبار سے جہاںبی جے پی اپنی سابقہ پوزیشن بچانے کے لئے تگ ودو کررہی ہے وہیں کانگریس مزیدسیٹیں جیتنے پرزور لگارہی ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کی جانب سے پہلی مرتبہ قسمت آزمائی کرنے والے امیدوار بھی اپنی جگہ بنانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بھوپندر پٹیل احمد آباد شہر کی گھاٹلوڈیا اسمبلی سیٹ سے امیدوار ہیں۔گزشتہ مرتبہ انہوں نے یہاں سے ریکارڈ ووٹوں سے فتح حاصل کی تھی لیکن اس مرتبہ ان کے لئے بھی راہ مشکل نظر آرہی ہے۔کانگریس کے دلت چہرہ جگنیش میوانی بناس کانٹھا ضلع کی وڈگام ریزرو سیٹ سے میدان میں ہیں۔ وہ فی الحال یہیں سے رکن اسمبلی ہیں۔ نوجوان او بی سی لیڈر الپیش ٹھاکر گاندھی نگر سائوتھ سے بی جے پی کے ٹکٹ پر اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔احمد آباد ضلع کی ہی ویرمگام سیٹ سے ہاردک پٹیل بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ہاردک یہاں سے اپنا پہلا الیکشن لڑ رہے ہیں اور کانگریس سے بی جے پی میں جانے والے اس پاٹیدا ر لیڈر کے مظاہرہ پر نگاہیںہوں گی۔
تمام جماعتوں کی جانب سے آخری دن پورا زور بوتھ مینجمنٹ پرلگایا گیا ہے ۔اسی کے سبب حالات یہ ہیںکہ سیاسی جماعتوں کے دفاتر پرسناٹاہے ، کارکنان اپنی اپنی ذمہ داریوںکے پیش نظرالگ الگ حلقۂ انتخابات میںپھیلے ہوئے ہیں ۔ہر پارٹی نے ا الگ الگ گروپ تشکیل دیئے ہیںاوران کومختلف ذمہ داریاں سونپی ہیں