نئی دہلی:3 دسمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)وزیرتوانائی پیوش گوئل نے آج کہا کہ وزیر خزانہ ہارون جیٹلی کونوٹ بندی بارے میں پہلے سے اطلاع تھی لیکن ”دوستانہ اور کھلے مزاج“کا ہونے کے باوجود انہوں نے اسے خفیہ رکھا۔انہوں نے ان افواہوں کو مسترد کیا کہ وزیر خزانہ ارون جیٹلی کو نوٹ بندی کے فیصلے کے بارے میں پہلے سے معلومات نہیں تھیں۔گوئل نے یہاں ایچ ٹی لیڈرشپ کانفرنس کے ایک سیشن میں کہاکہ جب نوٹ بندی کا اعلان ہوا تو ہر کوئی یہ جاننے کے لیے بے چین تھا کہ جیٹلی جی نے کس طرح اس بات کو اتنا خفیہ رکھا۔بڑے لیڈر اسی طرح کے عزم رکھتے ہیں۔جب وقت آتا ہے تووہ اہم فیصلوں کوسب سے چھپا کر رکھ سکتے ہیں۔جب گوئل سے پوچھا گیا کہ کیا جیٹلی کو اس بارے میں پتہ تھا تو انہوں نے کہاکہ جی بالکل، وہ وزیر خزانہ ہیں۔واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے آٹھ نومبر کی آدھی رات سے 500اور 1000روپے کے پرانے نوٹ بند کر دیے تھے۔گوئل نے اس دوران یہ بھی اشارہ دیا کہ ایماندار لوگوں کو جو رعایت دی گئی ہے اس کاغلط استعمال کرنے والوں کے خلاف حکومت سخت کاروائی کرے گی۔گزشتہ 22دنوں میں ہم نے جو کچھ سنا ہے اس سے ہم کافی مایوس ہیں۔ہم نے دیکھا کہ کچھ بینکر اور شاید کچھ افسران بھی ملک کے مختلف حصوں میں ایماندار لوگوں کو جتنی لین دین کی چھوٹ ہے اس کاغلط استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت ایسے معاملات سے سختی سے پیش آئی گی۔