پیرس،6جون؍(آئی این ایس انڈیا)فرانس کے صدر فرانسو اولاند نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ ہفتے پیرس میں شروع ہونے والے یورپی فٹ بال چمپئن شپ 2016 کے دوران دہشت گردی کے خطرات موجود ہیں مگر وہ دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گے۔فرانس کے سرکاری ریڈیو فرانس انٹر سے بات کرتے ہوئے صدر اولاند نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ دہشت گردی کا خطرہ طویل وقت تک برقرر رہے گا۔ ہمیں ہرقسم کی حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانا ہے تاکہ دہشت گرد یورپ 2016فٹ بال ٹورنامنٹ کے دوران دہشت گردی کی سازشوں میں کامیاب نہ ہو سکیں۔خیال رہے کہ پچھلے سال نومبر میں فرانس میں ہونے والی دہشت گردی کے نتیجے میں 130افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد فرانس میں خوف کی فضاء موجود ہے تاہم حکومت نے اپنے ہاں ہونے والے فٹ بال مقابلوں کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ فرانس میں 10جون سے 10جولائی تک جاری رہنے والے فٹ مقابلوں میں 7ملین افراد کی شرکت کی توقع ہے۔ فرانسیسی حکومت نے فٹ بال مقابلوں کے دوران امن وامان کو یقینی بنانے کے لیے 90ہزار پولیس اور اسپیشل فورس کے کمانڈوز تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ کوئی نہیں جانتا کہ دہشت گرد تماشائیوں کو کھیل کے میدانوں تک رسائی سے روکنے کے لیے ایئر فرانس اور فرانس کی ریل سروس کو نشانہ بناتے ہیں۔ ہم نے دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔