سیون؍مدھیہ پردیش ، 20؍ستمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا )مدھیہ پردیش کے سیون میں پولیس نے 70لاکھ روپے کا 8.10کوئنٹل گا نجہ ایک ٹرک سے برآمد کیا ہے۔پولیس نے بڑے پیمانے پر بین ریاستی سطح پر گانجے کی اسمگلنگ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے جبکہ تیسرا ملزم موقع سے فرار ہو گیا۔لکھنادون پولیس شہر انسپکٹر (ٹی آئی ) شیوراج سنگھ نے آج یہاں بتایا کہ ایک ٹرک اڑیسہ کے کوراپٹ ضلع کے جے پورے قصبے سے گانجہ بھر کر ہریانہ کے سونی پت جا رہا تھا۔18-19؍ستمبر کی رات مخبر کی اطلاع پر لکھنادون تھانہ علاقے کے تحت نرسنگھ پور نیشنل ہائی 26-پر ایک ڈھابے پر کھڑے ٹرک کی جانچ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ تحقیقات میں پولیس نے ٹرک کے کیبن کے پچھلے حصے میں چھپایا گیا 40بوری گا نجہ ضبط کیا۔ہر بوری میں تقریبا 20کلو گرام گانجہ بھرا ہوا تھا۔ٹی آئی نے بتایا کہ ٹرک میں سوار سونی پت کے رہنے والے سنیل( 25)اور کشن (52)کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ ایک دیگر ملزم ٹرک ڈرائیور بھیم سنگھ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے تفتیش میں پولیس کو بتایا کہ تینوں مل کر گانجے کا کاروبار کرتے ہیں۔ضبط کیا گیا گا نجہ خریداروں کو بیچنے کے لیے ملزم ٹرک میں چھپا کر لے جا رہے تھے۔سنگھ نے بتایا کہ عالمی بازار میں ضبط گانجے کی قیمت 70لاکھ روپے لگائی جا رہی ہے۔گا نجہ اسمگلنگ سے جڑے خریداروں اور دیگر ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ملزمان کے خلاف لکھنادون پولیس نے نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے وسیع تحقیقات کی جا رہی ہے۔